تیسری بین الاقوامی فوڈ ایگ نمائش 2025 کا کراچی میں کامیاب انعقاد

تیسری بین الاقوامی فوڈ ایگ نمائش 2025 کا کراچی میں کامیاب انعقاد

کراچی (اشتیاق ہمدانی)
پاکستان کی تیسری بین الاقوامی فوڈ اینڈ ایگریکلچر نمائش ‘فوڈ ایگ 2025’ کا انعقاد 25 سے 27 نومبر تک کراچی ایکسپو سینٹر میں انتہائی کامیابی سے ہوا، جہاں ایک ارب ڈالر کے ہدف کے قریب 641 ملین امریکی ڈالر کے کاروباری معاہدے صرف پہلے دو دنوں میں طے پا گئے۔ تھیم “Harvesting Innovation, Cultivating Sustainability” کے تحت منعقد ہونے والے اس تین روزہ ایونٹ میں 370 سے زائد پاکستانی برآمدکنندگان نے اپنی اعلیٰ معیار کی زرعی اور فوڈ مصنوعات پیش کیں، جن میں دنیا کا مشہور باسمتی چاول، آم، کنو، کھجوریں، ہمالیائی گلابی نمک، سمندری غذا، حلال گوشت، ڈیری پروڈکٹس، مصالحے، پروسیسڈ فوڈز اور دیگر ویلیو ایڈڈ آئٹمز شامل تھیں۔ نمائش میں 80 سے زائد ممالک سے 850 سے زیادہ بین الاقوامی خریداروں اور 300 سے زائد درآمد کنندگان نے شرکت کی، جو یورپ، مشرق وسطیٰ، افریقہ، آسٹریلیا، امریکا، کینیڈا، روس، خلیجی ممالک، چین اور دیگر علاقوں سے آئے۔ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کے زیر اہتمام اس ایونٹ کو صرف تین سالوں میں خطے کا سب سے اہم فوڈ ٹریڈ پلیٹ فارم بننے کا اعزاز حاصل ہوا، کیونکہ پاکستان نے مشکل معاشی حالات میں بھی فوڈ برآمدات کو کبھی محدود نہیں کیا۔

ایونٹ کے دوران ہزاروں پری شیڈیولڈ بی ٹو بی ملاقاتیں ہوئیں، جن سے نہ صرف 641 ملین ڈالر کے فوری معاہدے طے ہوئے بلکہ طویل مدتی شراکتیں بھی قائم ہوئیں۔ نمایاں معاہدوں میں چین کے ساتھ ہیٹ ٹریٹڈ گوشت کی برآمد کا ایم او یو، تل کے بیجوں کا 9.7 ملین ڈالر کا سودا اور بوائلڈ بیف کا 10 ملین ڈالر کا کنٹریکٹ شامل ہیں۔ چاول، پروسیسڈ فوڈ، سمندری غذا، گوشت اور دیگر سیکٹرز میں اربوں روپے کے آرڈرز ملے، جو ملک کے کسانوں، پروسیسرز اور برآمدکنندگان کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کریں گے۔

Advertisement

نمائش میں 9 اعلیٰ سطحی کانفرنسز اور سیمینارز بھی منعقد ہوئے، جن میں پائیداری، ٹریس ایبلٹی، SPS اقدامات، زیتون کی ویلیو چین اور دیگر موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان کزین پویلین میں عالمی شیفس نے پاکستانی اجزاء سے لائیو ککنگ کی، جو ایونٹ کی ایک خاص کشش بنی۔ ٹی ڈی اے پی کے چیف ایگزیکٹو فیض احمد نے اختتام پر کہا کہ یہ ایونٹ پاکستان کی زرعی فراوانی اور عالمی فوڈ سیکورٹی میں کردار کو اجاگر کرنے میں سنگ میل ثابت ہوا۔ ایس آئی ایف سی کے اقدامات سے زرعی شعبہ جدید ٹیکنالوجی اور عالمی معیار کی طرف تیزی سے بڑھ رہا ہے۔
فوڈ ایگ 2025 نے پاکستان کو عالمی مارکیٹ میں قابل اعتماد اور پائیدار فوڈ سپلائر کے طور پر مضبوط کیا، اور آنے والے برسوں میں برآمدات میں مزید اضافے کی توقعات پیدا کی ہیں۔