پنجاب بھر میں غیر قانونی طور پر رکھے گئے 57 شیر برآمد، 8 افراد گرفتار
اسلام آباد (صداۓ روس)
محکمہ وائلڈ لائف پنجاب نے صوبے بھر میں ایک روزہ کارروائی کے دوران غیر قانونی طور پر رکھے گئے 57 شیر اور دیگر جانور برآمد کرتے ہوئے 8 افراد کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیاں مختلف شہروں میں کی گئیں جہاں قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جنگلی جانور نجی تحویل میں رکھے گئے تھے۔ ترجمان محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق 24 جنوری کو پنجاب بھر میں غیر قانونی طور پر شیر رکھنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا۔ لاہور میں بیدیاں روڈ پر واقع ایک فارم ہاؤس سے 20 شیر برآمد کیے گئے، جبکہ جہلم کی ایک ہاؤسنگ سوسائٹی سے 23 شیر تحویل میں لیے گئے۔ اسی طرح ملتان کینٹ کے ایک فارم ہاؤس سے 9 شیر اور ایک بندر برآمد کیا گیا۔ کارروائی کے دوران لاہور سے 4 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ ملتان اور جہلم سے ایک، ایک ملزم کو حراست میں لیا گیا۔ اس کے علاوہ گوجرانوالہ کی ایک ہاؤسنگ سوسائٹی سے 3 شیر برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا، جبکہ سیالکوٹ کے گاؤں لوتھر میں ایک گھر سے 2 شیر تحویل میں لے کر ایک شخص کو گرفتار کیا گیا۔ محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق تمام برآمد کیے گئے شیروں اور دیگر جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ گرفتار ملزمان کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت مقدمات درج کر کے مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ غیر قانونی طور پر جنگلی حیات رکھنے والوں کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔