گلستان جوہر اور ڈرگ روڈ میں 63 عمارتیں مخدوش قرار، فوری خالی کرنے کا حکم
اسلام آباد(صداۓ روس)
کراچی کے علاقے گلستان جوہر اور ڈرگ روڈ میں 63 رہائشی عمارتوں کو خطرناک قرار دے دیا گیا ہے۔ کنٹونمنٹ بورڈ فیصل کی جانب سے کیے گئے سروے کے بعد ان عمارتوں کی فہرست جاری کی گئی، جس میں بتایا گیا ہے کہ گلستان جوہر بلاک 19 میں سب سے زیادہ 12 عمارتیں مخدوش ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بلاک 12 میں 5، بلاک 13 میں 6، بلاک 14 میں 2، بلاک 9 میں ایک، بلاک 17 میں 6، بلاک 18 میں 5 اور بلاک 20 میں 4 رہائشی پروجیکٹس کو انتہائی خطرناک قرار دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ڈرگ روڈ کے علاقے میں 19 عمارتیں ایسی ہیں جنہیں خستہ حالی کے سبب مخدوش قرار دیا گیا ہے۔ ترجمان کنٹونمنٹ بورڈ فیصل نے کہا ہے کہ متاثرہ عمارتوں کے مکین اسٹرکچر انجینئر سے معائنہ کروا کر 7 روز کے اندر رپورٹ جمع کروائیں۔ ترجمان کے مطابق خطرناک قرار دی گئی عمارتوں کو فوری طور پر خالی کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ کسی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔