روس کا حملہ، یوکرینی دارالحکومت کیف کے مضافات میں میزائل فیکٹری تباہ
ماسکو(صداۓ روس)
ماسکو نے کہا ہے کہ اس کے کلیبر کروز میزائل نے کیف سے باہر ایک میزائل فیکٹری کو نشانہ بنایا اور واضح کیا کہ اگر یوکرین روسی سرزمین پر اپنے حملے جاری رکھے تو یوکرین کے دارالحکومت پر مزید حملے کیے جائیں گے۔ اس سے قبل روس نے یوکرین پر جمعرات کو اس کے بیلگوروڈ اور برائنسک علاقوں پر گولہ باری کا الزام لگایا تھا، جس سے سات باشندے زخمی ہوئے تھے، جن میں ایک دو سالہ بچہ اور اس کی حاملہ ماں بھی شامل تھی۔ دوسری جانب روسی فیڈریشن کی وزارت دفاع کے سرکاری نمائندے میجر جنرل ایگور کوناشینکوف نے بتایا کہ روسی فیڈریشن کی مسلح افواج کے میزائل دستوں اور توپ خانے نے یوکرین کی مسلح افواج (AFU) کی 132 اشیاء کو بھی نشانہ بنایا۔
روسی وزارت دفاع نے بتایا کے آپریشنل ٹیکٹیکل ایوی ایشن نے یوکرین کی سات فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا، جن میں راکٹ اور توپ خانے کے ہتھیاروں کا گودام، افرادی قوت کے چھ علاقے، یوکرین کی 54 ویں الگ میکانائزڈ اور 128ویں پہاڑی حملہ بریگیڈ کی بکتر بند گاڑیاں شامل ہیں۔