کینیڈا میں نامعلوم افراد کی مسجد پر فائرنگ، 5 زخمی
اوٹاوا (انٹرنیشنل ڈیسک)
کینیڈا میں نامعلوم افراد کی مسجد پر فائرنگ، 5 زخمی. کینیڈا کے ٹورنٹو شہر میں ایک مسجد میں نمازیوں پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی، جس میں 5 نمازی زخمی ہوگئے۔ ٹورنٹو پولیس کے ترجمان ڈیوڈ رایڈزیک نے کہا کہ ٹورنٹو کے اسکاربرو علاقے کی ایک مسجد میں نماز پڑھنے والوں پر حملہ ہوا ہے۔انہوں کہا کہ 6 گولیاں فائر ہوئیں، لیکن ابھی یہ واضح نہیں ہو پایا ہے کہ فائرنگ کے اس واقعے میں کتنے افراد ملوث تھے۔ پولیس کے ترجمان رایڈزیک نے فائرنگ کرنے والوں کی نیت یا یہ کہ اس واقعہ کا اسلاموفوبیا سے کوئی ربط ہے یا نہیں، اس بارے میں اظہار رائے سے انکار کر دیا۔
دوسری طرف اسکاربرو کے مسلمانوں کی انجمن کے ایک اعلی عہدیدار ندیم شیخ نے فائرنگ کے اس واقعے کو باعث تشویش قرار دیا ہے۔ انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس واقعے کے ذمہ داروں کی جلد از جلد پہچان کرے۔ انہوں نے کہا کہ مسلحانہ تشدد کو روکنے کے لئے زیادہ سے زیادہ اقدامات کی ضرورت ہے۔