حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کو خبردارکردیا، سخت ایکشن کی دھمکی
اسلام آباد (صداۓ روس)
حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کو خبردار کرتے ہوئے سخت ایکشن لینے کی دھمکی دے دی ہے. وفاقی تحقیقاتی ایجنسی( ایف آئی اے) نے اوورسیز پاکستانیوں کو سوشل میڈیا پر پوسٹس لگانے پر انٹرپول کے زریعے گرفتار کرانے کی دھمکی۔ ایف آئی اے نے پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا سمیع ابراہیم کے خلاف سوشل میڈیا پر ملک کے خلاف بیانات دینے اور ویڈیوز شیئر کرنے پر انکوائری کا آغاز کیا گیا ہے، سمیع ابراہیم پر ریاستی اداروں کے خلاف جھوٹی خبریں شیئر کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ سمیع ابراہیم نے بیرون ملک قیام کرتے ہوئے ملک میں افراتفری پیدا کرنے اور پاک فوج کے افسران کو بغاوت پر اکسانے کی کوشش کی ہے، ایف آئی اے کے مطابق چونکہ سمیع ابراہیم بیرون ملک مقیم ہے لہذا انہیں واپس لانے کیلئے ان کا ریڈ وارنٹ جاری کیا جاسکتا ہے اور انٹرپول کی مدد لی جاسکتی ہے ، سمیع ابراہیم کا نام ای سی ایل پر بھی ڈالا جاسکتا ہے۔ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ سمیع ابراہیم انکوائری میں پیش ہوکر خود کو بے گناہ ثابت کرسکتے ہیں اگر وہ اپنی بے گناہی ثابت کرنے میں کامیاب ہوگئے تو ان کے خلاف انکوائری بند کردی جائے گی، اگر ان پر عائد الزامات ثابت ہوگئے تو ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا جائے گا اور جب بھی کورٹ آف لاء میں ضرورت محسوس ہوئی تو انہیں گرفتار بھی کیا جاسکتا ہے۔
پریس ریلیز میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بھی ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اپنی پوسٹس میں ایسی تنقید نہ کریں جو پاکستان الیکٹرانک کرائمز ایکٹ 2016 کے خلاف ہو، اگر کسی پاکستانی نے ایسا مواد شیئر کیا تو اس کے خلاف ریڈ وارنٹ جاری کرتے ہوئے انٹرپول کے ذریعے گرفتاری عمل میں لائی جاسکتی ہے اور اس کا نام ای سی ایل میں بھی ڈالا جا سکتا ہے۔ سوشل میڈیا پر اوورسیز پاکستانیوں کو دھمکی دینے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔