روس تیل و گیس کو ایک حربے کے طور پر استعمال کررہا ہے، امریکا
واشنگٹن (انٹرنیشنل)
وائٹ ہاؤس نے روس پر تیل و گیس کو ایک حربے کے طور پر استعمال کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ واشنگٹن کو امید ہے کہ سعودی عرب کے فیصلے سے اوپک پلس تیل کی پیداوار میں اضافہ ہو گا۔ رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس کی ترجمان جین پیئر نے کہا کہ امریکہ، سعودی عرب پر دباؤ ڈال رہا ہے کہ وہ تیل کی پیداوار بڑھائے اور عالمی منڈیوں میں روس کا متبادل بنے۔ انھوں نے کہا کہ امریکی صدر جوبائیڈن روسی تیل کی برآمدات روکے جانے کی ضرورت پر زور دیتے رہے ہیں۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان نے کہا کہ روس نے توانائی کے شعبے میں تیل و گیس کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جس کی بنا پر ان اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ اس ترجمان کے بقول روس، یورپ کے لئے گیس کی برآمدات منقطع کر سکتا ہے اور امریکہ اس بات کی طرف متوجہ ہے اس لئے متبادل تلاش کرنے کی کوشش بھی جاری ہے۔ واضح رہے کہ امریکی صدر کے سعودی عرب کے دورے کے موقع پرجاری کئے جانے والے مشترکہ بیان میں کہا گیا تھا کہ امریکہ، سعودی عرب کی فوجی حمایت کرتا ہے اور اس ملک کو بھی چاہئے کہ تیل کی منڈیوں میں توازن کا تحفظ کرے ۔