چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے لاہور میں وزیراعلیٰ پرویز الہٰی سے ملاقات کی۔ چیف منسٹر ہاؤس لاہور میں پرویز الہٰی سے ملاقات کے دوران عمران خان وزیراعلیٰ پنجاب کی کرسی پر بیٹھے تھے۔
معتبر ذرائع کے مطابق عمران خان چوہدری پرویز الہی کیساتھ رکھی کرسی پر بیٹھنا چاہتے تھے، مگر چوہدری پرویز الہٰی اور مونس الہٰی نے کہا کہ یہ ہمارے روایت کیخلاف ہے۔ عمران خان وزیر اعلیٰ کی کرسی پر چوہدری پرویز الہٰی اور مونس الہٰی کے اصرار پر بیٹھے۔
ملاقات میں مونس الہٰی بھی موجود تھے، اس دوران پنجاب کے انتظامی امور اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دوران گفتگو عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب سے کہا کہ وہ سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کریں۔
اس موقع پر وزیراعلی پنجاب پرویز الہٰی نے عمران خان کو بریفنگ دی کہ بارشوں اور سیلاب سے جاں بحق افراد کے لواحقین کو 8 ۔ 8 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔
دورہ لاہور کے دوران پی ٹی آئی چیئرمین عمران خاںن نے پنجاب اسمبلی اراکین سے بھی ملاقات کی اور انہیں صوبے سے غیر جمہوری اور غیر قانونی حکومت کے خاتمے پر مبارکباد دی۔