ہومتازہ ترینیوم استحصال کشمیر، 5 اگست کے بھارتی اقدامات یک طرفہ اور غیرقانونی...

یوم استحصال کشمیر، 5 اگست کے بھارتی اقدامات یک طرفہ اور غیرقانونی ہیں، پاکستانی سفیر

ماسکو (اشتیاق ہمدانی)
روس کے دارالحکومت ماسکو میں سفارت خانہ پاکستان کے زیر اہتمام یوم استحصال کشمیر منایا گیا جس میں روس میں متعین پاکستانی سفارت کار شفقت علی خان نے اور روس میں موجود پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا، جس کے فوری بعد صدر پاکستان اور وزیر اعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر شفقت علی خان نے بھارت کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حثیت ختم کرنے اور یکطرفہ غیر قانونی عمل کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ بھارت کی جانب سے مظلوم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبایا نہیں جا سکتا۔

سفیر پاکستان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کے ساتھ پاکستان کی قوم ہمیشہ کھڑی ہے اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر بھارت کے ناجائز اور غیر قانونی تسلط سے آزاد ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کشمیریوں کے خلاف بھارت کی ستر سال سے زائد مسلسل ظالمانہ کاروائیوں کے باوجود 5 اگست کے اقدامات بھارت کے غیر قانونی قبضے کو مزید عیاں کرتے ہیں یہ اقدامات امر کا بھی مظہر ہیں کہ ہندوستان کشمیریوں کو دبانے یا ان کو منانے میں پوری طرح ناکام ہو چکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے کشمیری بھائیوں نے اپنے حق کیلیے جدوجہد کا کٹھن راستہ چنا ہے جس میں پاکستانی انکے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہم اپنے کشمیری بھائیوں کو اخلاقی اور سفارتی سپورٹ کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کی کمیونٹی ماسکو میں اس امر کی تجدید کیلیے اکھٹی ہوئی کہ ہم کشمیریوں کی اس جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کریں اور ہندوستان کے یک طرفہ اور غیر قانونی 5 اگست کے اقدامات کی مذمت کریں۔

اس موقع پر مشہور کشمیری صحافی اور پی ٹی وی کے نمائندے اشتیاق ہمدانی نے اپنے خطاب کے دوران بھارتی فوج کی جانب سے مظلوم کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے ظلم اور زیادتیوں کی مذمت کی۔ انہوں نے OIC کے کشمیر کے حوالے سے کردار پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔

اشتیاق ہمدانی نے کہا کہ پاکستانی میڈیا اور پاکستانی قوم کو مظلوم کشمیریوں کی جدوجہد کو فراموش نہیں کرنا چاہئے اور بڑھ چڑھ کر کشمیری بہن بھائیوں کے لئے آواز بلند کرنی چاہئے۔ انہوں نے پاکستانی قوم اور حکومت پاکستان کا کشمیریوں کا بھر پور ساتھ دینے پر بھی شکریہ ادا کیا۔

تقریب میں روس میں مقیم پاکستانیوں، سفارتی عملے اور میڈیا نمائندوں نے بھی شرکت کی۔




Facebook Comments Box
انٹرنیشنل