ماسکو اشتیاق ہمدانی
روس کے دارلحکومت ماسکو میں سفارت خانہ پاکستان کے زیر اہتمام 14 اگست 2023 کو پاکستان کی 76 ویں آزادی کی سالگرہ منانے کے لیے ایک تقریب منعقد کی گئی.اس تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد پرچم کشائی کی تقریب ہوئی۔
اس موقع پر صدر پاکستان اور وزیراعظم کے پیغامات بالترتیب تھرڈ سیکرٹری محمد طیب اور تھرڈ سیکرٹری جیٹھا نند نے پڑھ کر سنائے ۔ اس رنگ رنگ تقریب کے دوران ماسکو چائیکوسکی کنزرویٹری کے ایک روسی سٹرنگ کوارٹیٹ نے پاکستانی گانوں ’جیوے جیوے‘، ’سوہنی دھرتی‘ اور ’دل دل پاکستان‘ کے کلاسیکی تصانیف پیش کیے۔
تقریب کے دوران رشین فیڈریشن میں مقیم پاکستانیوں نے قومی نغمے بھی پیش کیے اور بچوں نے اسٹیج پر پرفارم کیا۔ اس پرفارمنس کو حاضرین نے بہت سراہا جس میں روس میں پاکستانی کمیونٹی کے افراد، سفارت خانے کے ملازمین کے علاوہ پاکستان کے روسی دوست بھی شامل تھے۔