ہومتازہ ترینروس میں موجود سینٹ باسل کیتھیڈرل دنیا کے سیاحوں میں معروف

روس میں موجود سینٹ باسل کیتھیڈرل دنیا کے سیاحوں میں معروف

روس میں موجود سینٹ باسل کیتھیڈرل دنیا کے سیاحوں میں معروف

ماسکو (صداۓ روس)
سینٹ باسل کا تاریخی گرجا گھر (کیتھیڈرل) ماسکو کے ریڈ اسکوائر میں واقع ہے اور دنیا کی حسین ترین عمارتوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ روس کی قومی شناخت والی یہ سرخ عمارت 1551ء اور 1561ء کے درمیان تعمیر کی گئی تھی۔ روس کے شاہی زار خاندان سے تعلق رکھنے والے پہلے شہنشاہ ’’ایوان دی ٹیریبل‘‘ (1533-1584ء) نے قازان اور استر خان کی فتح کی یادگار کے طور پر اس کی تعمیر کا حکم جاری کیا تھا۔ تاریخی روایات کے مطابق سینٹ باسل کے گرجا گھر کے بنیادی معمار پوشنیک یاقوف لیف نے جب کیتھیڈرل کی تعمیر مکمل کرلی تو شہنشاہ ایوان کے حکم پر اس کی آنکھیں پھوڑ دی گئیں تاکہ وہ اس جیسی کوئی دوسری عمارت تعمیر نہ کرسکے۔

روایات یہ بھی بتاتی ہیں کہ مغل بادشاہ شاہ جہاں نے بھی تاج محل تعمیر کرنے والے معماروں کے ہاتھ بھی اسی بنِا پر قلم کردیئے تھے۔ اس وقت سینٹ باسل کا یہ گرجا گھر ایک میوزیم کے طور پر کام کررہا ہے جو آنے والے سیاحوں کیلئے سوائے منگل کے ہفتے کے تمام دنوں میں کھلا رہتا ہے۔

سینٹ باسل کیتھیڈرل ایک ہی بنیاد پر تعمیر کئے جانے والے 9 کلیسائوں پر مشتمل ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 1812ء میں جب فرانسیسی فوجی ماسکو سے پسپا ہورہے تھے، اس وقت انہوں نے کیتھیڈرل کو دھماکے سے اُڑانے کا پختہ ارادہ کیا تھا لیکن اس کا موقع انہیں نہ مل سکا۔ اس کے بعد 1920ء کی دہائی میں سوویت حکام نے اسے منہدم کرنے کا فیصلہ کیا تھا کیونکہ وہ دارالحکومت کے وسط میں کسی عبادت گاہ کا وجود برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں تھے لیکن پھر تعمیراتی ماہرین کی مداخلت پر یہ کام روک دیا گیا۔

اس عمارت کی تعمیر میں جو رنگ اور ڈیزائن استعمال کیے گئے ہیں، وہ دنیا کی کسی اور عمارت میں دیکھنے کو نہیں ملتے۔ گرجا گھر کے اندر بھول بھلیوں جیسی گلیاں ہیں جو ایک گرجا سے دوسرے گرجا تک اور ایک منزل سے دوسری منزل تک جاتی ہیں۔ اندرونی دیواروں پر رنگین پھول پتیاں اور جیو میٹری کے اشکال بنے ہوئے ہیں۔ 1990ء میں یونیسکو کی جانب سے اس گرجا گھر کو عالمی ورثہ قرار دیا گیا تھا

Facebook Comments Box
انٹرنیشنل

20 تبصرے

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں