شام فوجی پاسنگ آؤٹ پریڈ تقریب پر مہلک ترین ڈرون حملہ، 100 افراد ہلاک
دمشق (انٹرنیشنل ڈیسک)
شام کے شہر حمص کی فوجی اکیڈمی پر ڈرون طیارے کے حملے میں ١٠٠ افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ عرب میڈیا کے مطابق ڈرون حملہ فوجی اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں کیا گیا۔ حملے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں فوجی افسران، اہلکار اور شامی شہری شامل ہیں۔ حملے سے کچھ دیر پہلے ہی شامی وزیر دفاع تقریب میں شرکت کرکے واپس گئے تھے۔
شامی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں شامی فوجی اور شہری شامل ہیں، حملے کی ذمہ داری ابھی کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے۔ شامی وزارت دفاع کے مطابق ١٢ سالہ خانہ جنگی کے دوران ڈرون حملہ سب سے مہلک ترین ہے اور اس میں شامی فوج کو نشانہ بنایا گیا ہے، دہشت گردانہ حملے میں فوجی اور سویلین کی بڑی تعداد جان سے ہاتھ دھو بیٹھی ہے۔ فوجی اکیڈمی پر حملے کی ذمہ داری ابھی تک کسی گروپ نے نہیں اٹھائی اور نہ ہی حکومت کی طرف سے کسی کا نام لیا گیا ہے۔