ہومپاکستانبڑھتی آبادی کا بھنور پاکستان کو مسائل کے سمندر میں ڈبو رہا...

بڑھتی آبادی کا بھنور پاکستان کو مسائل کے سمندر میں ڈبو رہا ہے، اقوام متحدہ

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)

پاکستان میں روز بروز بڑھتی آبادی کا تناسب پاکستان کے لئے درد سر بنتا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے اقوام متحدہ کی ایک حالیہ رپورٹ میں ماہرین نے کہا ہے کہ پاکستان کے شہروں پر آبادی کا بے تحاشہ دباؤ بڑھ رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق عدم وسائل، معاشی زبوں حالی کے دور میں آبادی میں اضافہ کا مطلب مسائل کا ایک اضافی انبار ہے۔

اسلام آباد کے نواح میں واقع بنی گالہ دیہی علاقہ سمجھا جاتا تھا اور چند سال قبل تک یہاں کی آبادی بہت کم تھی۔ اس علاقے کے رہائشی اڑسٹھ سالہ محمد جمیل خان کا کہنا ہے کہ اب اس علاقے میں بڑی تیزی سے آبادی بڑھ رہی ہے۔ سرمایہ کار تیزی سے گھر بنوارہے ہیں جب کہ سر سبز کھیت اور میدان اب رہائشی کالونیوں کی شکل اختیار کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ گھروں کے قیمتیں بھی آسمان کو چھو رہی ہیں۔
اسلام آباد کی ایک اور مضافاتی کچی آبادی مہر آباد کے رہائشی لال خان کا کہنا ہے کہ ان کے علاقے میں بھی دن بہ دن تعمیرات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ یہاں کے رہائشی چھوٹے چھوٹے پلاٹوں پر ڈبل اسٹوری مکانات بنارہے ہیں۔ ایک ایک گھر میں نو، نو افراد رہ رہے ہیں اور علاقے کی آبادی میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔
شہروں میں بڑھتی ہوئی آبادی صرف ان دو افراد کے مشاہدے میں ہی نہیں آئی ہے بلکہ عالمی تنظیمیں بھی یہ کہہ رہی ہیں کہ پاکستان سمیت دنیا بھی میں شہری آبادی میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

اقوام متحدہ کی رپورٹ
اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق ایشیا پیسیفک ریجن میں شہروں کی آبادی 2050 تک 3.4 ارب ہو جائے گی۔ ماہرین کا خیال ہے کہ پاکستانی شہروں کی صورتحال بھی بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر بہت ابتر ہو سکتی ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق اس وقت اس ریجن میں شہروں کی آبادی 2.5 ارب ہے، جو نفس صدی تک ممکنہ طور پر تین اعشاریہ چار ارب ہو جائے گی، جس کی وجہ سے دنیا کے دوسرے ملکوں کی طرح پاکستان میں بھی شہری مسائل بہت بڑھ جائیں گے۔
ماہرین کا خیال ہے کہ اس بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر جرائم، آلودگی، غربت، معاشرتی نا ہمواری اور دیگر مسائل میں اضافہ ہوگا جبکہ شہری انفراسٹرکچر پر بھی شدید دباؤ آئے گا۔
ایشیا پیسفک کے شہروں کے مستقبل کے حوالے سے 2023ء میں جاری کی گئی اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس خطےکی 650 ملین آبادی غیر منصوبہ بند آبادیوں یا کچی آبادیوں میں رہتی ہے۔ یہاں شہروں کی ایک بہت بڑی تعداد ساحل سمندر کے قریب آباد ہے، جسے بدلتے ہوئے موسم، سیلاب اور بلند ہوتی ہوئی سمندری پانی کی سطح جیسے مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے۔

Facebook Comments Box
انٹرنیشنل

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں