ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود نے غزہ میں جنگ بندی کے لیے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرارداد کی ماسکو کی حمایت پر اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف کا شکریہ ادا کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق، لاوروف کے ساتھ فون پر بات کرتے ہوئے شہزادہ فیصل نے اقوام متحدہ کی قرارداد کی روس کی حمایت پر اظہار تشکر کیا، جس میں غزہ کی پٹی میں فوری طور پر دشمنی کے خاتمے اور انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
فریقین نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ عالمی برادری کے لیے فوری جنگ بندی کے حصول، شہریوں کے تحفظ اور مسئلہ فلسطین کا منصفانہ اور جامع حل تلاش کرنے میں کردار ادا کرنا بہت ضروری ہے۔
روسی وزارت خارجہ نے کہا کہ اس سے قبل دونوں ممالک کے اعلیٰ سفارت کاروں نے فون پر بات چیت کی تھی، جس میں اسرائیل فلسطین تنازع کو حل کرنے کے طریقوں اور برکس گروپ کی توسیع کی روشنی میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔