ماسکو (صداۓ روس)
کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے روسیا 1 ٹی وی چینل کے صحافی پاول زروبین کے ساتھ انٹرویو میں کہا کہ امریکی صدر کو روس کے ساتھ اعلیٰ سطحی رابطوں کے لیے روس کے بارے میں مزید تعمیری موقف اختیار کرنا چاہیے۔
روس اور امریکی رہنماؤں کے درمیان ممکنہ رابطوں کی شرائط کے بارے میں پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں پیسکوف نے کہا کہ اس کا مطلب مشترکہ خواہش، مشترکہ تیاری، کچھ شرائط کا طے کیا جانا ہے۔
زروبین کے ٹیلی گرام چینل پر شائع ہونے والے انٹرویو کے اقتباس کے مطابق
روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے بار بار کہا ہے کہ وہ کسی بھی رابطے کے لیے تیار ہیں، لیکن اس کے لئے روس بارے پرانی روش بدلنا ہوگی۔
پیسکوف نے زور دیا یہی وجہ ہے کہ امریکہ کے سربراہ کو آخر کار اپنا موقف تبدیل کرنا ہی پڑے گا، دوطرفہ تعلقات کے بارے میں زیادہ تعمیری موقف اختیار کرنا پڑے گا، جس کے بعد اس طرح کی ملاقات کے لیے حالات ساز گار ہوں۔
یاد رہے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے ستمبر کے اواخر میں کہا تھا کہ وہ روس اور امریکہ کے تعلقات کی ممکنہ بحالی اور دونوں ممالک کے صدور ولادیمیر پوٹن اور جو بائیڈن کے درمیان نئی ذاتی ملاقات کو مسترد نہیں کرتے۔
اس سے قبل روسی اور امریکی صدور نے جون 2021 میں جنیوا میں ملاقات کی تھی اور بعد میں انہوں نے ٹیلی فون پر بات چیت بھی کی تھی۔