سنچورین ٹیسٹ : جنوبی افریقہ نے بھارت کو روند ڈالا
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
جنوبی افریقہ نے پہلے ٹیسٹ میچ میں بھارت کو چاروں شانے چت کرتے ہوئے اننگز اور ٣٢ رنز سے شکست دے دی۔ اپنی سرزمین پر کھیلے جانے والے ورلڈ کپ کے دوران تباہ کن پرفارمنس دینے والی بھارتی ٹیم کا جنوبی افریقہ میں پول کھل گیا۔ سنچورین میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے بھارت کی ایک نہ چلنے دی اور اسے اننگز کی شکست دے دوچار کردیا۔ بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں ٢٤٥ رنز بنا کر آل آؤٹ ہوئی۔ اس دوران کے ایل راہول نے ١٠١ رنز کی اننگز کھیلی۔ ویرات کوہلی نے ٣٨ اور شریاس ایّر نے ٣١ رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کگیسو ربادا نے ٥ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ناندرے برگر نے ٣ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مارکو یانسین اور جیرالڈ کوئٹزی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگز میں ہی بھارت سے میچ دور کردیا۔ ڈین ایلگر کے ١٨٥ اور مارکو یانسین کے ناقابلِ شکست ٨٥ رنز کی بدولت ٤٠٨ رنز بنائے اور ١٦٣ رنز کی برتری بھی حاصل کرلی۔ اس اننگز میں کپتان ٹیمبا باووما نے بلے بازی نہیں کی۔ بھارت کے جسپریت بمراہ نے ٤ جبکہ محمد سراج نے ٢ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شردل ٹھاکر، پرسدھ کرشنا اور روی چندرن ایشوین نے ایک ایک وکٹ لی۔
دوسری اننگز میں جنوبی افریقہ کی بھاری برتری کے سامنے ہی بھارتی بیٹنگ لائن ١٣١ رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔ بھارت کے ٩ کھلاڑی دہرے ہندسے میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ ویرات کوہلی ٧٦ اور شبمن گل ٢٦ رنز کے ساتھ قابلِ ذکر رہے۔ جنوبی افریقہ کے ناندرے برگر نے ٤ ، مارکو یانسین نے ٣ جبکہ کگیسو ربادا نے ٢ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جنوبی افریقہ کے ڈین ایلگر کو شاندار بیٹنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
Can you be more specific about the content of your article? After reading it, I still have some doubts. Hope you can help me.