اسلام آباد (صداۓ روس)
عدالت نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 4 اپریل کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم جاری کردیا۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی عدالت میں پیشی کے کیس کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے ضمانت کی درخواستوں میں سابق وزیراعظم و بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیے۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر عباس سپرا نے عمران خان کے وکلا کی جانب سے عدالت میں پیشی کے لئے پروڈکشن آرڈر کی درخواستوں پر سماعت کی، جس میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل خالد یوسف چودھری عدالت میں پیش ہوئے۔دوران سماعت عدالت نے اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو حکم دیا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 4 اپریل کو عدالت میں پیش کیا جائے۔
واضح رہے کہ عدالت نے گزشتہ سماعت پر ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری لگوانے کا حکم دیا تھا تاہم جیل حکام کی جانب سے آج بھی بانی پی ٹی آئی کی ویڈیو لنک حاضری نہیں لگوائی گئی۔ گزشتہ سماعت پر ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری نہ لگوانے پر عدالت کی جانب سے نوٹس جاری کیا گیا تھا۔