برطانوی فوجی تنصیبات ہمارا جائز ہدف ہونگی، روس کی برطانیہ کو دھمکی
ماسکو (صداۓ روس)
روسی وزارت خارجہ نے پیر کو لندن کے سفیر کو بتایا کہ ماسکو یوکرین یا کسی اور جگہ پر برطانوی اہداف کے خلاف جوابی کارروائی کرے گا اگر کیف نے روسی سرزمین پر حملہ کرنے کے لیے برطانیہ کے فراہم کردہ میزائلوں کا استعمال کیا۔واضح رہے برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون کے اس بیان کے بعد سفیر نائجل کیسی کو وزارت میں طلب کیا گیا جس میں کہا گیا تھا کہ یوکرین کو روس کے اندر گہرائی تک حملہ کرنے کے لیے برطانیہ کی طرف سے بھیجے گئے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل استعمال کرنے کا حق ہے۔
روسی وزارت خارجہ نے میٹنگ کے بعد ایک بیان میں کہا کہ برطانوی سفیر کو خبردار کیا گیا تھا کہ روسی سرزمین پر برطانوی ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے یوکرین کے حملوں کا جواب یوکرین کی سرزمین اور اس سے باہر کسی بھی برطانوی فوجی تنصیبات کو ہدف بنانا ہوسکتا ہے۔