نو مئی سیاہ دن قیامت تک دوبارہ ایسا دن نہیں آنے دیں گے، وزیراعظم
اسلام آباد (صداۓ روس)
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے ملزمان کو قرار واقعی سزا ملے گی تاکہ رہتی دنیا تک کوئی ایسا کرنے کا سوچے بھی نہیں، قانون اپنا راستہ بنائے گا اور جنہوں نے پاکستان کے خلاف دشمنی کی ہے انہیں قرار واقعی سزا ملےگی۔ اسلام آباد میں وزارت اطلاعات کے زیر اہتمام شہداء اور ان کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ 9 مئی کو بغاوت کا منظم منصوبہ بنایا گیا، 9 مئی کو قیامت تک دوبارہ نہیں آنے دیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ شہداء کے ورثاء کے درمیان ہونا میرے لیے فخر کا باعث ہے، شہداء نے وطن عزیز کی حفاظت کیلئے راتوں کو سرحدوں پر پہرے دیے، جانیں قربان کیں، اپنے بچوں کو یتیم کر گئے لیکن لاکھوں بچوں کو یتیم ہونے سے بچا لیا، آپ کی عظمت کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے، قوم آج کے دن شہداء اور غازیوں کو یاد کر رہی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ شہداء کے ورثاء نے حوصلے اور ہمت سے اپنے پیاروں کی داستانیں بیان کیں، قوم آج کے دن اپنے شہداء اور غازیوں کو سنہری الفاظ میں یاد کر رہی ہے، 2019 میں دشمن نے چھپ کر وار کرنے کی کوشش کی، پاکستان کے جانبازوں نے دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر جواب دیا۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ 9 مئی کے سانحہ میں بے گناہوں کو کوئی ہاتھ نہیں لگا سکے گا، 9 مئی کے ذمہ داروں کو ہر صورت کٹہرے میں لائیں گے، ملک کے خلاف بغاوت اور افواج میں تقسیم کرنے والوں کو ہرصورت کٹہرے میں لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو شہداء کے اہلخانہ کے دل پر قیامت گزر رہی تھی، ہم آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، عہد کرتے ہیں آپ کے دلوں کو دوبارہ یہ ٹھیس قیامت تک نہیں لگنے دیں گے، ایسا سیاہ دن پاکستان کی تاریخ میں دوبارہ نہیں آئے گا، قانون اپنا راستہ اپنائے گا اور انصاف کے مطابق فیصلے ہوں گے۔