سینٹ پیٹرزبرگ میں مسافر بس دریائے مویکا میں گرگئی، 4 ہلاک
ماسکو (صداۓ روس)
روس کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے ہنگامی خدمات کا حوالہ دیتے ہوئے جمعہ کو اطلاع دی کہ وسطی سینٹ پیٹرزبرگ میں ایک مسافر بس کے دریا میں گرنے سے کم از کم چار افراد ہلاک اور چھ دیگر زخمی ہوگئے۔ سینٹ پیٹرزبرگ پولیس نے بتایا کہ بس میں تقریباً 20 مسافر سوار تھے جب یہ دوپہر ایک بجے کے قریب ایک پل سے دریائے مویکا میں گر گئی۔ مقامی وقت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ذریعے شیئر کی گئی نگرانی کی ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ بس یو ٹرن لیتی ہے جس کے بعد وہ ڈرائیور کے قابو سے بھر ہو جاتی ہے اور پانی میں جا گرتی ہے.
سینٹ پیٹرزبرگ کی پولیس نے ٹیلی گرام پر بتایا کہ اس حادثے کے بعد ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا اور ٹریفک کی خلاف ورزیوں کا الزام لگایا گیا۔ اطلاعات کے مطابق جرم ثابت ہونے پر اسے سات سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ سینٹ پیٹرزبرگ حکومت کی ٹرانسپورٹیشن کمیٹی نے کہا کہ ڈرائیور بس پر سے کنٹرول کھو بیٹھا تھا جس کی وجوہات کے لئے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ سینٹ پیٹرزبرگ کے خبر رساں ادارے فونٹینکا کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے کیونکہ ڈاکٹر چار دیگر مسافروں کی زندگیوں کو بچانے کے لیے مشقت کر رہے ہیں جو حالت غیر میں ہیں۔ فونٹنکا نے دعویٰ کیا کہ ڈرائیور کی شناخت رخمتشوخ کے نام سے ہوئی ہے جس کی عمر 44 سال ہے. سینٹ پیٹرزبرگ کے گورنر الیگزینڈر بیگلوف نے بتایا کہ متاثرین کو فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔