ماسکو (اشتیاق ہمدانی)یوکرین کی مسلح افواج کے میزائل حملے کے دوران سیواستوپول میں تین بچوں سمیت پانچ افراد کی جاں بحق ہو گئے، مزید پانچ بچے انتہائی نگہداشت میں ہیں، شہر کے گورنر میخائل رازووزہائیف نے اتوار کو بتایا کہ “بدقسمتی سے، ہمارے پاس اس وقت 124 متاثرین ہیں، جن میں سے تین بچے اور دو مرد جاں بحق ہو گئے، اس کے علاوہ پانچ بچے اس وقت شہر کےایک ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں ہیں،”
میخائل رازووزہائیف نے مزید کہا کہ زیادہ تر متاثرین کو ہلکے سے درمیانے درجے کے زخم آئے اور انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ گورنر نے کہا کہ “اس کے علاوہ، ہمارے پاس سات بالغ افراد ہیں جنہیں شدید زخمی حالت میں لے جایا گیا ہے۔
” انہوں نے یہ بھی کہا کہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے ٹیلی فون پر گفتگو میں متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ رزووزایف کے مطابق، صدر نے وفاقی حکام کو سیواستوپول کو مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی، اور ماسکو سے ایک پرواز پہلے ہی بھیج دی گئی ہے۔
میخائل رازووزہائیف نے پہلے بتایا تھا کہ شہر پر یوکرین کی مسلح افواج کے میزائل حملے کی وجہ سے ہونے والے سانحے کے سلسلے میں پیر کو سیواستوپول میں یوم سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ اتوار کو فضائی دفاعی فورسز نے سیواستوپول پر میزائل حملے کو پسپا کر دیا۔ روسی وزارت دفاع نے اطلاع دی کہ یوکرین کی مسلح افواج نے کلسٹر وار ہیڈز کے ساتھ امریکی فراہم کردہ اے ٹی اے سی ایم ایس میزائلوں کا استعمال کیا، ان میں سے چار کو مار گرایا گیا، جبکہ ایک روسی فضائی دفاع نظام سے ہٹ گیا اور شہر کے اوپر پھٹ گیا۔