روس میں مسافر ٹرین پٹری سے اترگئی، متعدد زخمی
ماسکو(صداۓ روس)
روسی ریلوے نے کہا کہ کومی ریپبلک میں مسافر ٹرین کی نو کاریں پٹریوں سے اترنے کے بعد کم از کم 70 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ سات افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے تاہم ابھی تک کسی ہلاکت کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ ٹرین 511 نوووروسیسک کی بحیرہ اسود کی بندرگاہ سے تقریباً 5,000 کلومیٹر دورشمال مشرقی کومی میں وورکوٹا کے درمیان آرٹک سرکل کے اوپر مسافروں کو لے کر جا رہی تھی.
ریلوے حکام کے مطابق یہ حادثہ ماسکو کے وقت کے مطابق شام 6 بج کر 12 منٹ پر انٹا قصبے کے قریب ہوا۔ روسی ریلوے نے ٹیلی گرام پر کہا محکمہ ہنگامی خدمات کو جائے وقوعہ پر روانہ کر دیا گیا ہے اور مسافروں کی مدد کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔ متاثرین کے بارے میں معلومات واضح کی جا رہی ہیں۔ سیکشن پر ٹریفک معطل کر دی گئی ہے۔ ریلوے آپریٹر نے بتایا کہ ٹرین 511 میں کل 14 بوگیاں تھیں جن میں 232 مسافر سوار تھے۔ روسی ریلوے کے مطابق پٹری سے اترنے کی وجہ حالیہ شدید بارش ہو سکتی ہے۔ روسی ریلوے نے پٹری سے اترنے کا جائزہ لینے کے لیے جنرل ڈائریکٹر اولیگ بیلوزروف کی سربراہی میں ایک ٹاسک فورس قائم کی ہے۔ دو ریکوری ٹرینیں اس مقام پر بھیج دی گئی ہیں۔
نارتھ ویسٹرن ٹرانسپورٹ پراسیکیوٹر کے دفتر نے پٹری سے اترنے کی مجرمانہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ دریں اثنا، جمہوریہ کومی کے سربراہ، ولادیمیر یویبا جائے حادثہ کی طرف پہنچ رہے ہیں.