روس میں امریکی صحافی کو جاسوسی کے الزام میں 16 سال قید کی سزا
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکی صحافی ایوان گیرشکووچ کو روس کی ایک عدالت نے جاسوسی کا جرم ثابت ہونے پر 16 سال قید کی سزا سنائی ہے۔ روسی عدالت کا یہ فیصلہ قومی سلامتی کے مسائل کی وجہ سے بند دروازوں کے پیچھے چلنے والے مقدمے کے بعد آیا ہے۔ ایوان گرشکووِچ معروف امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے لیے کام کرتا ہے۔ وال اسٹریٹ جرنل نے اس مقدمے اور سزا کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ روسی عدالت نے بلا جواز سزا سنائی ہے کیونکہ ایوان گرشکووِچ معمول کے مطابق کام کر رہا تھا۔ امریکی صحافی پر امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے لیے کام کرنے کا الزام تھا۔ روسی حکام نے بتایا تھا کہ وہ یوکرین کی جنگ میں روسی فون کے لیے ٹینک تیار کرنے والے ادارے کے بارے میں خفیہ معلومات جمع کررہا تھا۔
وال اسٹریٹ جرنل کے 32 سالہ رپورٹر کو مارچ 2023 میں روسی شہر ایکیترنبرگ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ روس کی فیڈرل سیکیورٹی سروس ایف ایس بی نے کہا کہ اس کے پاس روسی دفاعی ادارے کے بارے میں معلومات تھیں۔ کریملن نے مزید کہا کہ وہ اس وقت رنگے ہاتھ پکڑا گیا تھا۔