صدر پوتن کی کرسک ریجن کی صورتحال پر دفاعی حکام سے ملاقات
ماسکو (صداۓ روس)
روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے کرسک ریجن کی صورتحال پر سکیورٹی اداروں کے سربراہان، وزارت دفاع، جنرل سٹاف اور فیڈرل سکیورٹی سروس (ایف ایس بی) کے ساتھ میٹنگ شروع کردی ہے۔ روسی وزیر دفاع آندرے بیلوسوف، سلامتی کونسل کے سیکرٹری سرگئی شوئیگو اور ایف ایس بی کے ڈائریکٹر الیگزینڈر بورٹنیکوف ذاتی طور پر اجلاس میں حصہ لے رہے ہیں، جب کہ جنرل اسٹاف چیف ویلری گیراسیموف ویڈیو کانفرنس کی شکل میں اجلاس میں شریک ہیں۔ روسی صدر نے اس سے قبل حکومت کے ارکان کے ساتھ ایک سربراہی اجلاس میں اس طرح کی ملاقات کا اعلان کیا تھا، جو اس سے قبل انہوں نے ماسکو کے قریب اپنی رہائش گاہ نوو اوگاریوو میں منعقد کی تھی۔ صدر پوتن نے زور دے کر کہا کہ کیف حکومت نے ایک اور بڑے پیمانے پر اشتعال انگیزی کی ہے، شہری عمارتوں، رہائشی مکانات، ایمبولینسوں پر راکٹوں سمیت مختلف قسم کے ہتھیاروں سے اندھا دھند فائرنگ کی ہے۔
قبل ازیں صدر پوتن نے کرسک ریجن کے قائم مقام گورنر الیکسی سمرنوف سے ملاقات کی اور حکومتی اداروں کو علاقے کے شہریوں کی مدد کرنے کی ہدایت کی۔ روسی صدر نے اس کام کی نگرانی کے لیے پہلے نائب وزیراعظم ڈینس مانتوروف کو مقرر کیا۔