بنگلہ دیش کے آل راؤنڈرشکیب الحسن نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
بنگلہ دیش کے آل راؤنڈر شکیب الحسن نے ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔کان پور میں بھارت کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے قبل شکیب الحسن نے کہا کہ رواں سال جون میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اس فارمیٹ میں بنگلہ دیش کے لیے اپنا آخری میچ کھیل چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اکتوبر میں ڈھاکہ میں جنوبی افریقہ کے خلاف شیڈول ٹیسٹ ان کے کیریئر کا آخری ٹیسٹ میچ ہوگا، ٹی ٹوئنٹی کے بعد وہ اس فارمیٹ سے بھی ریٹائر ہوجائیں گے۔شکیب الحسن نے کہا کہ 2025 کی چیمپئنز ٹرافی کے بعد وہ ون ڈے کرکٹ کو بھی خیرباد کہہ دیں گے۔شکیب الحسن نے بنگلہ دیش کی جانب سے 70 ٹیسٹ میچز میں 4600 رنز بنائے اور 242 وکٹیں اپنے نام کیں۔آل راؤنڈر نے 129ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں 2551 رنز بنائے اور 149کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔