اسرائیلی زمینی فوج لبنان میں داخل
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
بیروت کے جنوب میں مضافاتی علاقوں پر اسرائیلی حملوں کے بعد چند ہی گھنٹوں میں کئی علاقے متاثر ہوئے۔ لبنان، اسرائیل سرحد پر کئی دنوں تک تیاری کے بعد، اسرائیلی فوج نے “شمالی تیر” کے نام سے ایک فوجی آپریشن میں متعدد سرحدی دیہاتوں پر اسرائیلی زمینی حملہ شروع کیا تھا۔ اسرائیلی فوج نے منگل کی صبح اعلان کیا کہ اس کی فوج نے سرحد پر حزب اللہ کے ٹھکانوں پر “محدود” حملے شروع کر دیے ہیں۔ نیوز ایجنسی کے نمائندے کے مطابق، اسرائیلی “کمانڈو” کی ٹیموں نے کل صبح کے وقت پیش قدمی کرنے سے پہلے، جاسوسی کے مقصد سے لبنان کے سرحدی دیہاتوں میں بہت ہی محدود دراندازی شروع کر دی تھی۔
دوسری جانب ذرائع نے کہا ہے کہ لبنانی فوج نے حملے کے آغاز سے پہلے ہی متعدد سرحدی مقامات سے انخلا کر دیا ہے۔ یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں اعلان کیا کہ حزب اللہ کے اہداف سرحد کے قریب دیہاتوں میں ہیں اور “شمالی اسرائیل میں اسرائیلی آبادی کے لیے براہ راست خطرہ” ہیں۔