پی آئی اے کی یورپ کے لیے پروازوں پر عائد پابندی ختم
اسلام آباد (صداۓ روس)
پاکستان کے وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ یورپی کمیشن اور یورپین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے پی آئی اے کی یورپ کے لیے پروازوں پر عائد پابندی اٹھا لی ہے اور پی آئی اے کے روٹ بحال کر دیے ہیں۔ ایکس پر جاری اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ پی آئی اے کے ساتھ ایک اور پاکستانی ایئر لائن ’ایئر بلو‘ کو بھی یورپ کے لیے پروازوں کی اجازت مل گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سب وزارتِ ہوابازی کی کاوشوں سے ممکن ہوا جس نے سول ایوی ایشن کے شعبے کو مضبوط کیا اور سیفٹی اسٹینڈرڈز پر عمل درآمد یقینی بنایا۔
وزیرِ دفاع نے کہا کہ ہماری حکومت نے پاکستان سول ایوی ایشن کو مضبوط بنانے کے لیے کئی اہم اقدامات کیے۔ ریگولیٹر اور سروس پرووائیڈرز کو علیحدہ کیا اور پروفیشنل لیڈرشپ کا تقرر کیا۔ مقامی ٹی وی چینل ’جیو نیوز‘ سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پابندی ہٹنے کے بعد پی آئی اے کے یورپ کے لیے فضائی آپریشن جلد بحال ہو جائیں گے اور اس سے قومی ایئرلائن کی نج کاری میں بھی آسانی ہوگی۔ یورپین یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے پی آئی اے کی یورپ کے لیے پروازوں پر 2020 میں پابندی عائد کی تھی جب کراچی میں طیارہ حادثے کے بعد اس وقت کے وزیرِ ہوابازی غلام سرور خان نے بیان دیا تھا کہ ایئرلائن کے 30 سے 40 فی صد پائلٹس کے لائسنس جعلی ہیں۔پابندی لگنے سے قبل پی آئی اے کی یورپ میں پیرس، میلان، بارسلونا، اوسلو اور کوپن ہیگن کے لیے پروازیں چلتی تھیں۔