قوم اور اداروں کو لڑاکر کئی ملک تباہ کئے گئے، پاکستان کمیونٹی روس
ماسکو (صداۓ روس)
پاکستان کمیونٹی روس۔ متحد اور پاکستان کی خدمت کے جذبے سے سر شار ہی نہیں بلکہ اداروں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔ روس میں پاکستان کمیونٹی کے مختلف صوبوں اور نظریات کے حامل سینئیر ممبران کا کہنا ہے کہ شام کی تازہ ترین صورتحال پاکستانیوں کی آنکھیں کھولنے کے لئے کافی ہے کہ کیسے اسرائیل نے ایک دن میں منظم سازش کے تحت شام کی دفاعی قوت تباہ کر دی۔
ماسکو میں روس پاکستان کے درمیان تعلقات کو کئی دھائیوں سے منظم کرنے میں بھرپور کردار ادا کرنے والے ڈاکٹر شاہد حسن نے پاکستان کمیونٹی کے سینئر ممبران اور بزنس کمیونٹی کے اعزاز میں ایک عشائیہ دیا ۔ اس موقع پر روس میں پاکستان کے سفیر محمد خالد جمالی , پاکستانی سفارت خانے ماسکو میں متعین قونصلر محمد خالد ضیاء ، معروف بزنس مین طارق چوہدری سمیت کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی، پاکستان کے سفیر محمد خالد جمالی نے پاکستان کے کمیونٹی کے کردار کی زبردست تعریف کی اور ان کا کہنا تھا روس پاکستانی کمیونٹی جس لگن اور محنت سے اپنی اپنی فیلڈ میں کام کرکے ملک کا نام روشن کر رہی ہے اور جس اتحاد کا مظاہرہ کر رہی ہے وہ اپنی مثال آپ ہے۔
طارق چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دوسروں کے کام آنا اور دکھی انسانیت کی خدمت کا سبق مجھے اپنی ماں کی تربیت سے ملا ہے ، ہمیں خوشی ہے کہ ہم یہاں پر ہی نہیں پاکستان میں بھی خدائی خدمت گار کا کام کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا متحد اور منظم ہوکر ہم کامیاب ہوسکتے ہیں۔
مقررین نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ دنیا بھر کی سازشیں اور نوجوان نسل کے ذہن خراب کرنے کے لیے پاکستان کی یوتھ کو اپنے ہی اداروں کے خلاف بھڑکایا جا رہا ہے،دنیا میں جتنے بھی ملک تباہ کیے گئے ہیں وہ بالکل اسی طریقے کار کے تحت تباہ کیے گئے ہیں.
مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ دنیا کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے نوجوان نسل کو ان حقائق کا ادراک کرانے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے ڈاکٹر شاہد حسن نے اپنے خطاب میں نہ صرف پاکستان روس ریلیشن شپ میں بہتری کو سراہا بلکہ انہوں نے تجویز دی کہ خدائی خدمت گار اور پاکستان کے لیے روس میں کئی دائیوں سے کام کرنے والے ڈاکٹر طارق چوھدری کو ستارہ امتیاز کے لیے نامزد کیا جائے ۔
اس موقع پر اس عزم کا اعادہ بھی کیا گیا کہ عوام اور اداروں کے درمیان دوریاں پیدا کرنے کی کوششوں کے خلاف متحد ہو کر کردار ادا کیا جائے گا۔ شرکا نے اداروں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ، اور تقریب سے پاکستان کمیونٹی روس کے صدر ملک شہباز ڈاکٹر زاہد علی خان ڈاکٹر ذلفقار ناصر گاگی ، اشتیاق ہمدانی اور ڈاکٹر عبدالسلام سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا. اس موقع پر سفیر پاکستان محمد خالد جمالی کی جانب سے طارق چوہدری کی پاکستان اور سماجی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے شیلڈ بھی دی گئی.