روس کے نیوکلیئر پروٹیکشن فورسز کے سربراہ بم دھماکے میں ہلاک
ماسکو (صداۓ روس)
روس کے نیوکلیئر پروٹیکشن فورسز کے سربراہ بم دھماکے میں ہلاک ہوگئے ہیں۔ روسی انویسٹی گیشن کمیٹی کے مطابق منگل کو الیکٹرک اسکوٹر میں چھپائے گئے بم کے پھٹنے سے لیفٹننٹ جنرل اگور کرلو ہلاک ہو گئے ہیں۔ جنرل اگور روسی نیوکلیئر، بائیولوجیکل اینڈ کیمیکل پروٹیکشن ٹروپس کے سربراہ تھے۔ حکام نے تصدیق کی ہے کہ روس کی ریڈیولاجیکل، کیمیکل اور بائیولوجیکل ڈیفنس فورسز کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ایگور کیریلوف اپنے نائب کے ہمراہ منگل کی صبح جنوب مشرقی ماسکو میں ایک بم دھماکے میں مارے گئے ہیں۔
یہ دھماکہ صبح 6 بجے کے قریب ریازانسکی ایونیو پر ایک رہائشی عمارت کے باہر اس وقت ہوا جب کیریلوف اور ان کا ساتھی ایک سرکاری گاڑی میں سوار ہونے کے لیے احاطے سے نکل رہے تھے۔ روسی تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ تقریباً 300 گرام بارود سے بھرا ایک دیسی ساختہ دھماکہ خیز ڈیوائس ممکنہ طور پر عمارت کے داخلی دروازے کے قریب ایک الیکٹرک اسکوٹر سے منسلک تھا۔ یہ ممکنہ طور پر ایک ریڈیو سگنل یا موبائل فون کے ذریعے، دور سے دھماکہ کیا گیا تھا۔ دھماکے سے کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے، عمارت کے داخلی دروازے کو نقصان پہنچا اور کھڑی گاڑی تباہ ہو گئی۔ حکام نے قتل، دہشت گردی اور غیر قانونی ہتھیاروں کی اسمگلنگ کے الزامات کے تحت مجرمانہ تفتیش شروع کر دی ہے۔ روس کی تحقیقاتی کمیٹی کے سربراہ الیگزینڈر باسٹریکن نے کیس کا ذاتی کنٹرول سنبھال لیا ہے۔