ہمیشہ ٹرمپ سے ملنے یا بات کرنے کو تیار ہوں، روسی صدر
ماسکو اشتیاق ہمدانی
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے سالانہ پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ وہ امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ کسی بھی وقت بات چیت کے لیے تیار ہیں اور ان سے ملاقات پر رضامند ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں ٹرمپ سے کسی بھی وقت بات چیت کے لیے تیار ہوں، اور اگر وہ چاہئیں تو میں ملاقات کے لیے بھی تیار ہوں. صدر پوتن سے مشترکہ ڈائریکٹ سوال و جواب اور سال کے آخر میں ہونے والی پریس کانفرنس میں ایک امریکی صحافی کی طرف سے ٹرمپ کے ساتھ ممکنہ ملاقات کے بارے میں جب پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ میں نو منتخب امریکی صدر سے کسی بھی وقت ملنے یا بات چیت کیلئے تیار ہوں.
صدر پوتن نے کہا کہ وہ نہیں جانتے کہ وہ ٹرمپ سے کب ملاقات کریں گے کیونکہ وہ اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے۔ انہوں نے کہا میں نے ٹرمپ سے گزشتہ چار سال سے زیادہ بات نہیں کی. یاد رہے اس سے قبل روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے کہا تھا کہ ماسکو یوکرینی بحران کے حل کے لیے واشنگٹن کے ساتھ رابطوں کے لیے تیار ہے تاہم ٹرمپ کی ٹیم کی جانب سے ابھی تک کوئی سنجیدہ تجاویز موصول نہیں ہوئی ہیں۔