یوکرینی صدر کو حلف برداری کی تقریب میں مدعو نہیں کیا، ٹرمپ
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ یوکرین کے ولادیمیر زیلنسکی کو اگلے ماہ اپنے عہدے کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے مدعو نہیں کیا گیا۔ یاد رہے ٹرمپ جنہوں نے گزشتہ ماہ ڈیموکریٹک حریف کملا ہیرس کو شکست دی تھی، 20 جنوری کو واشنگٹن ڈی سی میں کیپیٹل میں ایک افتتاحی تقریب میں باضابطہ طور پر امریکہ کے 47ویں صدر کے طور پر حلف اٹھائیں گے۔ ٹرمپ نے الیکشن جیتنے کے بعد اپنی پہلی باضابطہ پریس کانفرنس کی۔ صحافیوں کے سوال پر کہ کیا انہوں نے زیلنسکی کو مدعو کیا تھا، ٹرمپ نے جواب دیا، نہیں میں نے انہیں مدعو نہیں کیا، تاہم اگر وہ پھر بھی آنا چاہتا ہے تو میں انھیں روکنا نہیں چاہوں گا۔
واضح رہے ٹرمپ نے اس ماہ فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون کے ساتھ پیرس میں زیلنسکی سے ملاقات کی تھی تاکہ یوکرین کے بحران پر بات چیت کی جا سکے۔ ٹرمپ جو مبینہ طور پر زیلنسکی سے ملنے سے گریزاں تھے، نے بعد میں کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ماسکو اور کیف کے درمیان لڑائی جلد از جلد ختم ہو جائے۔