روس اور پاکستان پہلی براہ راست ریلوے لائن شروع کریں گے، اویس لغاری
اسلام آباد (صداۓ روس)
پاکستان کے وزیر توانائی اویس لغاری نے روسی میڈیا کو بتایا کہ روس اور پاکستان دونوں ممالک کے درمیان پہلی براہ راست مال بردار ٹرین اگلے سال شروع کریں گے جس کی وجہ دونوں ممالک باہمی تجارت کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ وزیر نے کہا کہ ماسکو اور اسلام آباد مارچ 2025 میں روس سے پاکستان سامان لے جانے کے لیے ریل لنک پر آزمائشی رن شروع کرنے والے ہیں۔ لغاری نے بتایا کہ مارچ کے آخر تک ہم پہلی ٹرین چلانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں, پہلی کارگو ٹرین جو روس سے پاکستان کے لیے روانہ ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے اسے ایک اہم مقصد کے طور پر رکھا ہے تاکہ ہم اسے عملی جامہ پہنائیں۔
یہ ریل رابطہ بین الاقوامی شمالی-جنوبی ٹرانسپورٹ کوریڈور کی مشرقی شاخ کے ساتھ قازقستان، ترکمانستان اور ایران کے علاقوں سے ہوتا ہوا افغانستان کو بائی پاس کرے گا۔ خیال رہے شمالی-جنوبی ٹرانسپورٹ کوریڈور ایک 7,200 کلومیٹر کا ملٹی موڈ ٹرانزٹ سسٹم ہے جو ہندوستان، ایران، آذربائیجان، روس، وسطی ایشیا اور یورپ کے درمیان کارگو کی نقل و حرکت کے لیے جہاز، ریل اور سڑک کے راستوں کو جوڑتا ہے۔