پرندوں سے ٹکرا کر آذربائیجان کا مسافر طیارہ قازقستان میں گر کر تباہ
ماسکو (صداۓ روس)
آذربائیجان کا مسافر طیارہ قازقستان کے شہر اقتاؤ میں گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ تاہم طیارے میں سوار 67 میں سے متعدد افراد معجزانہ طور پر زندہ بچ گئے ہیں۔ خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق قازقستان کی وزارتِ ہنگامی حالات نے تصدیق کی ہے کہ اقتاؤ شہر میں مسافر طیارہ گرا ہے اور جائے وقوعہ پر امدادی کام جاری ہیں۔ متاثر طیارہ آذربائیجان کے دارالحکومت باکو سے روس کے شہر گروزنی جا رہا تھا جب کہ ایئر لائن کے مطابق طیارے میں 62 مسافر اور عملے کے پانچ افراد سوار تھے۔ قازقستان کے حکام کے مطابق حادثے میں 27 مسافر زندہ بچ گئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ تاہم دیگر مسافروں کی حالت سے متعلق تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔ آذربائیجان ایئرلائن کے مطابق مسافر پرواز جے ٹو-8243 باکو سے گروزنی کے لیے روانہ ہوئی تھی جسے اقتاؤ شہر سے تقریباً تین کلو میٹر دور ایمرجنسی لینڈنگ کرنا پڑی۔ قازقستان میں وزارت برائے ایمرجنسی سروس نے اعلان کیا ہے کہ قازق شہر اکتاؤ کے قریب مسافر طیارے کے حادثے میں 42 افراد ہلاک اور 25 معجزانہ طور پر افراد زندہ بچ گئے۔
بیان میں کہا گیا ہے طیارے میں 67 مسافر سوار تھے، جن میں عملے کے 5 ارکان بھی شامل تھے۔ ان میں 25 افراد زندہ بچ گئے، جن میں سے 22 کو ہسپتال لے جایا گیا ہے”۔ دوسری طرف آذربائیجان ایئر لائنز نے کہا ہے کہ مسافر طیارہ پرندوں کے جھنڈ سے ٹکرانے کے بعد گر کر تباہ ہو گیا۔ وزارت صحت کے مطابق زندہ بچ جانے والوں میں روسی فیڈریشن کے 10، آذربائیجان کے 14 اور کرغیزستان کے 2 شہری شامل ہیں اور 3 کی شہریت کا پتا نہیں چل سکا۔
آذربائیجان ایئر لائنز نے ان مسافروں کے ناموں کی فہرست شائع کی ہے جو اکتاو کے قریب گر کر تباہ ہونے والے طیارے میں سوار تھے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ فلائٹ نمبر J2-8243 باکو سے چیچن جمہوریہ کے دارالحکومت گروزنی کے لیے روانہ ہوئی لیکن اسے قازقستان کے شہر اکتاو سے تقریباً تین کلومیٹر دور ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔ تاہم یہ لینڈنگ حادثے میں بدل گئی۔ روسی خبر رساں ایجنسیوں نے بتایا کہ گروزنی میں دھند کے باعث طیارے نے اپنا رخ موڑ لیا تھا۔