ماسکو (صدائے روس)
روس میں24 جنوری ایک خاص دن کے طور پر منایا جاتا ہے جسے “طلباء کا دن” یا “تاتیانا ڈے” کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ یہ دن نہ صرف طلباء کی محنت اور کامیابیوں کا اعتراف کرتا ہے بلکہ روسی ثقافت اور تعلیمی روایات میں گہرے تاریخی اور جذباتی تعلقات کا مظہر بھی ہے۔طلباء کا دن صرف جشن کا دن نہیں بلکہ تعلیمی میدان میں نئے عزم کے ساتھ کام کرنے کی ترغیب کا دن بھی ہے۔ یہ دن اس بات کی یاد دہانی کرواتا ہے کہ طلباء کسی بھی قوم کا مستقبل ہوتے ہیں، اور ان کی تعلیم و تربیت ہی ایک مضبوط اور خوشحال سماج کی بنیاد رکھتی ہے۔
طلباء کے دن کا آغاز 18ویں صدی میں ہوا جب روسی شہنشاہ ایلزبتھ نے 25 جنوری 1755 کو ماسکو اسٹیٹ یونیورسٹی کے قیام کے فرمان پر دستخط کیے۔ یہ دن “سینٹ تاتیانا” کے عیسائی تہوار سے منسلک ہے، جو تعلیم اور نوجوانوں کی سرپرست سمجھی جاتی ہیں۔ اس دن کی مناسبت سے روس میں تعلیم کے میدان میں انقلاب کی بنیاد رکھی گئی، اور یہ وقت کے ساتھ نوجوانوں کے جذبے، علم کے حصول اور ملک کی ترقی کے لیے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن بن گیا۔
روس میں طلباء کا دن خوشی اور جوش کے ساتھ منایا جاتا ہے۔مختلف تعلیمی ادارے اس دن خاص تقریبات کا انعقاد کرتے ہیں، جن میں لیکچرز، سیمینارز، اور کلچرل پروگرام شامل ہوتے ہیں۔ طلباء اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہیں اور کامیابیوں کو ایک ساتھ مناتے ہیں۔ اس دن طلباء مختلف کھیلوں، موسیقی کی محفلوں، اور دیگر سرگرمیوں میں شرکت کرتے ہیں۔ ماسکو اور سینٹ پیٹرزبرگ جیسے بڑے شہروں میں خصوصی کنسرٹس اور تقریبات منعقد ہوتی ہیں۔
اس موقع پر بہترین کارکردگی دکھانے والے طلباء کو خصوصی انعامات اور ایوارڈز دیے جاتے ہیں تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہو۔
روس میں طلباء کے دن کے موقع پر ماسکو پولی ٹیکنیک یونیورسٹی میں پانچویں سالانہ PIK ایوارڈز کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ 24 جنوری کو یہ ایوارڈ ان طلباء کو دیا جاتا ہے جنہوں نے سائنس، کھیل، تخلیقی صلاحیتوں، سماجی خدمات اور زندگی کے مختلف شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہو۔
اس سال PIK ایوارڈز کے لیے 14 مختلف زمروں میں 124 درخواستیں موصول ہوئیں۔ ایک ماہ کی تفصیلی جانچ کے بعد، ماسکو پولی ٹیکنیک یونیورسٹی میں منعقدہ تقریب میں نامزد افراد اور فاتحین کو اعزازات سے نوازا گیا۔
تقریب میں ماسکو پولی ٹیکنیک یونیورسٹی کے ریکٹر ولادیمیر میکلوشیفسکی نے تمام شرکاء کو مبارکباد پیش کی اور طلباء کے حوصلے بلند کرنے کے لیے خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا:
“میں چاہتا ہوں کہ آپ یونیورسٹی میں پڑھتے ہوئے متاثر ہوں اور زندگی میں حوصلہ افزائی کریں۔ آج اسٹیج پر وہ لوگ موجود ہیں جو سائنس، کھیل اور تخلیقی میدان میں بہترین ہیں۔ یہ آپ سب کے لیے ایک مثال ہیں!”
سبینا کریمووا کو “سال کی فتح” ایوارڈ سے نوازا گیا۔ انہوں نے روس بھر کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں طلباء کونسلوں کی سرگرمیوں کو منظم کرنے کے لیے بہترین طریقوں کے مقابلے میں کامیابی حاصل کی۔ماسکو پولی ٹیکنک ڈانس لیبارٹری کو تخلیقی شعبے میں غیر معمولی کارکردگی کی بناء پر سال کی بہترین تخلیقی ٹیم قرار دیا گیا۔
ریازان انسٹی ٹیوٹ کی طالبہ ایکاترینا پاراموشکینا کو ان کی شاندار تخلیقی قیادت پر “سال کی بہترین تخلیقی شخصیت” کا اعزاز دیا گیا۔سال کی سائنسی ٹیم: “ایچ ہائیڈروجن” ٹیم نے سائنسی میدان میں بہترین نتائج کے لیے ایوارڈ جیتا۔بہترین سائنسدان: سرگئی گالیچینکو، مکینیکل انجینئرنگ کے تیسرے سال کے طالب علم، کو “سال کا بہترین سائنسدان” قرار دیا گیا-اناستاسیا کراسلینکووا کو “کھیلوں کی سرگرمی میں سال کی بہترین شخصیت” کا خطاب دیا گیا۔
ماسکو کی پولی ٹیکنیکل یونیورسٹی کی ہونے والی اس تقریب میں، صدائے روس کے اشتیاق ہمدانی بھی چیف گیسٹ کے طور پہ مدعو تھے جہاں انھوں نے غیر ملکی طلباء میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والےعلیشیر میرالی زودا، اربن اسٹڈیز کے تیسرے سال کے طالب علم، کو ان کی کارکردگی اور سرگرمیوں پر اعزاز سے نوازا۔اس موقع پر اپنے مختصر خطاب میں ، اشتیاق ہمدانی نے نا صرف تعلیم کی اہمیت اور روسی زبان سمجھنا اور سیکھنا کتنا اہم ہے اور روس میں اپنی زندگی کے روز میں گزر والی اپنی زندگی کے چند تجربات پر روشنی ڈالی -یہ دن روس کے تمام طلباء کے لیے ایک پیغام لاتا ہے کہ وہ اپنی تعلیم کو سنجیدگی سے لیں اور اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لیے محنت کریں۔ یہ دن یہ بھی یاد دلاتا ہے کہ علم کا حصول صرف ایک ذاتی کامیابی نہیں بلکہ قوم کی ترقی کا ذریعہ بھی ہے-
تقریب کے دوران VTB بینک اور الفا بینک کی جانب سے قیمتی تحائف بھی پیش کیے گئے۔ حاضرین کے لیے ریفل ڈرا منعقد کیا گیا، جس میں مارشل میجر IV وائرلیس ہیڈ فونز سمیت کئی انعامات تقسیم کیے گئے۔ ماسکو پولی ٹیکنیک یونیورسٹی نے طلباء کے شاندار کارناموں کو نہ صرف سراہا بلکہ انہیں اپنی تعلیمی اور تخلیقی سرگرمیوں میں مزید بہترین کارکردگی دکھانے کی ترغیب دی۔ ایوارڈز PIK کی یہ تقریب طلباء کی صلاحیتوں اور کامیابیوں کو منانے کے ساتھ ساتھ روس میں تعلیمی اور ثقافتی ترقی کی عکاسی بھی کرتی ہے۔
روس میں 24 جنوری کو منایا جانے والا طلباء کا دن نہ صرف نوجوانوں کے لیے خوشی کا موقع ہے بلکہ یہ تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرنے کا دن بھی ہے۔ طلباء کی محنت، تخلیقی صلاحیتوں اور ان کے خوابوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے، یہ دن روشن مستقبل کی امید پیدا کرتا ہے۔