روس اور یوکرین سے رابطہ کرنے کا ارادہ ہے، ٹرمپ
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکی دارالحکومت کے قریب اینڈریوز ایئر فورس بیس پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکی حکومت نے روس اور یوکرین کے ساتھ ملاقاتوں اور رابطوں کا منصوبہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا ہم نے ایک بہت مصروف ویک اینڈ گزارا ہے، ہم اسرائیل کے ساتھ ڈیل کر رہے ہیں، ہم یوکرین اور روس کے ساتھ ڈیل کر رہے ہیں۔ ٹرمپ کے مطابق ہم نے یوکرین اور روس سمیت مختلف فریقوں کے ساتھ میٹنگز اور بات چیت طے کی ہے، اور مجھے لگتا ہے کہ یہ بات چیت حقیقت میں بہت اچھی ہو رہی ہے۔
اس کے علاوہ امریکی صدر ٹرمپ نے کینیڈا کو ایک بار پھر امریکا کی 51 ویں ریاست بنانے کی خواہش ظاہر کر دی۔ مریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہاکہ محصولات میں اضافے سے کچھ تکلیف ہوگی لیکن اس کے نتائج شاندار ہوں گے، یہ امریکا کا سنہری دور ہو گا،ہم امریکا کو پھر سے عظیم بنائیں گے۔ ٹرمپ نے کہا کہ کیوں ہم کینیڈا کو سبسڈی دینے کے لیے سیکڑوں ارب ڈالر ادا کرتے ہیں؟ کینیڈا کو ہماری 51ویں ریاست بننا چاہیے، اس صورت میں کینیڈا کے پاس بہتر فوجی تحفظ ہو گا اور اس پر کوئی ٹیرف بھی نہیں ہوگا۔