صدر پوتن نے روسی خلائی سربراہ کو تبدیل کر دیا
ماسکو (صداۓ روس)
روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے قومی خلائی ایجنسی روسکوسموس کے سربراہ کو تبدیل کر دیا ہے۔ جمعرات کو شائع ہونے والے دو صدارتی حکمناموں میں بالترتیب یوری بوریسوف کو روسکوسموس کے ڈائریکٹر کے عہدے سے برطرف کرنے اور ان کی جگہ نائب وزیر ٹرانسپورٹ دیمتری بکانوف کو مقرر کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ کریملن نے اس تبدیلی کی کوئی وجہ بیان نہیں کی۔ واضح رہے بوریسوف نے جولائی 2022 میں روسی خلائی ایجنسی کے سربراہ کے طور پر عہدہ سنبھالا تھا اور اس سے پہلے وہ نائب وزیر اعظم کے طور پر کام کر چکے ہیں۔ حکومت میں ان کی پچھلی ملازمتیں دفاع اور صنعت سے متعلق تھیں۔
بیکانوف جو انتالیس سال کے ہیں پیشے کے لحاظ سے ایک ماہر معاشیات ہیں، 2019 میں روسی حکومت میں کام شروع کرنے سے پہلے، روسکوسموس کے ذیلی اداروں میں سے ایک، گونیٹس کم مدار والے سیٹلائٹ کمیونیکیشن سسٹم کے آپریٹرز کے سربراہ تھے۔ نائب وزیر ٹرانسپورٹ کی حیثیت سے، وہ روسی لاجسٹک انفراسٹرکچر میں ڈیجیٹل اختراعات کو نافذ کرنے کے ذمہ دار تھے۔