ہومپاکستانوزیراعظم شہباز شریف آج قذافی سٹیڈیم کا افتتاح کریں گے

وزیراعظم شہباز شریف آج قذافی سٹیڈیم کا افتتاح کریں گے

وزیراعظم شہباز شریف آج جدید قذافی سٹیڈیم کا افتتاح کریں گے
لاہور (صداۓ روس)

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 اور تین ملکی کرکٹ ٹورنامنٹ کی میزبانی کے لیے قذافی سٹیڈیم کی تعمیر نو مکمل کر لی گئی ہے۔ جدید ترین سہولیات سے آراستہ اس اسٹیڈیم کا باقاعدہ افتتاح آج وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کریں گے۔

افتتاحی تقریب آج شام 7 بجے منعقد ہوگی، جہاں وزیراعظم شہباز شریف جدید ترین قذافی سٹیڈیم کا افتتاح کریں گے۔ تقریب میں عوام کے لیے داخلہ بالکل مفت ہوگا تاکہ شائقین کرکٹ اس تاریخی موقع کا حصہ بن سکیں۔ اس موقع پر شاندار آتش بازی، رنگا رنگ روشنیوں اور موسیقی کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ معروف گلوکار علی ظفر، عارف لوہار اور آئمہ بیگ اپنی پرفارمنس سے تقریب کو چار چاند لگائیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کے چیئرمین محسن نقوی افتتاحی تقریب کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے آج صبح وطن واپس پہنچے اور سیدھا اسٹیڈیم پہنچ گئے۔ انہوں نے انتظامی ٹیم کو ہدایت کی کہ تقریب کے تمام انتظامات شایانِ شان ہونے چاہئیں تاکہ دنیا کو پاکستان کی مہمان نوازی اور جدید کرکٹ اسٹیڈیم کا بہترین تعارف کرایا جا سکے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ قذافی سٹیڈیم کو عالمی معیار کے مطابق جدید ترین سہولیات سے لیس کرکے ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے، جو پاکستان کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔ انہوں نے تعمیراتی عمل میں شامل تمام ورکرز، ایف ڈبلیو او، نیسپاک، کنٹریکٹرز اور پی سی بی کے عملے کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ شائقین اور کھلاڑی اس جدید اسٹیڈیم میں بہترین سہولتوں سے لطف اندوز ہوں گے۔

جدید قذافی سٹیڈیم کو مکمل طور پر از سرِ نو تعمیر کیا گیا ہے۔ اس کا تعمیراتی کام 8 اکتوبر 2024 کو شروع کیا گیا تھا اور دن رات محنت کر کے صرف چار ماہ میں اسے مکمل کر لیا گیا۔ سٹیڈیم کی گنجائش کو بڑھا کر 35 ہزار تماشائیوں تک کر دیا گیا ہے اور ہر انکلوژر میں نئی، آرام دہ کرسیاں نصب کی گئی ہیں۔

اس کے علاوہ سٹیڈیم میں 480 جدید ایل ای ڈی فلڈ لائٹس نصب کی گئی ہیں تاکہ رات کے میچز عالمی معیار کے مطابق روشن اور واضح ہوں۔ شائقین کو بہتر نظارہ فراہم کرنے کے لیے گراؤنڈ کے اطراف نصب جنگلہ ہٹا دیا گیا ہے، تاکہ ہر نشست سے میدان کا بہترین منظر دیکھنے کو ملے۔ کھلاڑیوں کے لیے نئے ڈریسنگ رومز، وی آئی پی لاؤنجز، میڈیا سینٹر اور جدید اسکور بورڈ بھی تعمیر کیا گیا ہے۔

قذافی سٹیڈیم کی تعمیر نو کے ساتھ پاکستان نے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ یہ اسٹیڈیم نہ صرف چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کرے گا بلکہ مستقبل میں عالمی کرکٹ کے دیگر بڑے مقابلوں کے انعقاد کا بھی مرکز بنے گا۔ یہ جدید ترین سٹیڈیم پاکستان کرکٹ کے ایک نئے دور کا آغاز کرے گا، جہاں شائقین کرکٹ کو عالمی معیار کی سہولتیں میسر آئیں گی اور ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کو مزید فروغ ملے گا۔

Facebook Comments Box
انٹرنیشنل