یوکرین تنازعہ کی جڑ کو ختم کرنا ضروری ہے، صدر پوتن کا فون پر ٹرمپ کو جواب
ماسکو (صداۓ روس)
یوکرین تنازعہ کے بعد پہلی بار روس اور امریکی صدور نے باضابطہ ٹیلیفون پر رابطہ کیا ہے. دونوں ممالک کے رہنماؤں نے روس اور امریکہ کے درمیان قیدیوں کے تبادلے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے بات چیت کا آغاز کیا۔ امریکی صدر نے روس کے صدر کو تمام معاہدوں کو پورا کرنے کے لیے امریکہ کے عزم کا یقین دلایا۔ رہنماؤں نے یوکرین کے ممکنہ تصفیے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے جاری لڑائی کو جلد از جلد روکنے اور بحران کو پرامن طریقے سے حل کرنے کے حق میں بات کی۔ جس کے جواب میں صدر ولادیمیر پوتن نے نشاندہی کی کہ تنازع کی بنیادی وجوہات کو ختم کرنا ضروری ہے اور ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ اس بات پر اتفاق کیا کہ ایک پائیدار تصفیہ صرف پرامن مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
مزید برآں روس کے صدر نے امریکی صدر کے اہم دلائل میں سے ایک کی حمایت کا اظہارکیا، جو یہ تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ دونوں ممالک مل کر کام کریں۔ بات چیت کے دوران مشرق وسطیٰ کے تصفیے، ایران کے جوہری پروگرام اور روس اور امریکہ کے درمیان دو طرفہ اقتصادی تعلقات کے معاملات بھی زیر بحث آئے۔ فون کال کے دوران روس کے صدر نے امریکی صدر کو ماسکو کے دورے کی دعوت دی اور یوکرین کے ممکنہ تصفیے سمیت باہمی دلچسپی کے موضوعات پر بات چیت کے لیے امریکہ کے دورے پر آنے والے حکام سے ملاقات پر آمادگی ظاہر کی۔ روسی صدر ولادیمیر پوتن اور ڈونلڈ ٹرمپ نے مستقبل میں ذاتی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا.