ہومپاکستانوزیراعظم وفد کے ہمراہ باکو پہنچ گئے، بزنس فورم سے خطاب...

وزیراعظم وفد کے ہمراہ باکو پہنچ گئے، بزنس فورم سے خطاب کریں گے، مختلف معاہدوں پر دستخط ہونگے

وزیراعظم وفد کے ہمراہ باکو پہنچ گئے، بزنس فورم سے خطاب کریں گے، مختلف معاہدوں پر دستخط ہونگے
باکو (صداۓ روس)

وزیراعظم شہباز شریف اپنے وفد کے ہمراہ دو روزہ دورے پر آذربائیجان کے دارالحکومت باکو پہنچ گئے ہیں۔ آذربائیجان کے اول نائب وزیراعظم یعقوب عبداللّٰہ اوعلو ایوبوف نے باکو ایئرپورٹ پر وزیراعظم کا استقبال کیا۔ اس موقع پر آذربائیجان کے نائب وزیر خارجہ اور پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر بھی موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق، اس دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے اہم ملاقات متوقع ہے۔ اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے پر بات چیت ہوگی۔ دونوں رہنما توانائی کے شعبے میں مشترکہ منصوبوں، ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون اور ثقافتی تبادلوں کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

دورے کے دوران پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان کئی اہم معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے، جن کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان معاشی اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ ان معاہدوں میں توانائی، زراعت، تعلیم اور ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔وزیراعظم شہباز شریف آذربائیجان بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے، جہاں وہ پاکستانی معیشت میں سرمایہ کاری کے مواقع اور دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعلقات کو فروغ دینے پر روشنی ڈالیں گے۔

اس فورم میں پاکستانی اور آذربائیجانی تاجروں اور صنعت کاروں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی، جس کا مقصد باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے لیے نئے راستے کھولنا ہے۔اس دورے کو پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تعلقات میں مزید بہتری اور مشترکہ ترقی کے سفر میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

Facebook Comments Box
انٹرنیشنل