ہومکھیلفخر زمان نے ایک ماہ کے اندر کرکٹ میں واپسی کا اعلان...

فخر زمان نے ایک ماہ کے اندر کرکٹ میں واپسی کا اعلان کردیا

فخر زمان نے ایک ماہ کے اندر کرکٹ میں واپسی کا اعلان کردیا
لاہور (صداۓ روس)

قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز کھلاڑی فخر زمان نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایک ماہ کے اندر کرکٹ میں واپس آ جائیں گے۔ ان کے اس اعلان نے ان افواہوں کی تردید کر دی ہے جن میں کہا جا رہا تھا کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ یا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا سوچ رہے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے فخر زمان نے اپنی کرکٹ کے سفر، یادوں اور مستقبل کے ارادوں پر کھل کر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ 2017 کی چیمپئنز ٹرافی ان کے لیے ایک یادگار ایونٹ رہا ہے اور وہ ون ڈے فارمیٹ کو سب سے زیادہ پسند کرتے ہیں، کیونکہ یہ ان کا فیورٹ فارمیٹ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جب وہ بیماری سے صحتیاب ہو رہے تھے تو ان کے ذہن میں سب سے زیادہ چیمپئنز ٹرافی ہی تھی۔

فخر زمان نے اپنی انجری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز نے انہیں آرام کا مشورہ دیا تھا لیکن انہوں نے جلد ہی ٹریننگ شروع کر دی۔ ان کے مطابق، جب چیمپئنز ٹرافی کے دوران انہیں انجری ہوئی تو وہ اپنے جذبات پر قابو نہیں رکھ سکے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے بیٹے نے ان سے پوچھا کہ کیا انہیں درد ہو رہا تھا؟ اس وقت انہیں اندازہ ہو گیا تھا کہ اس میچ کے بعد وہ چیمپئنز ٹرافی میں مزید نہیں کھیل سکیں گے۔

اپنی انجری اور کھیل میں واپسی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے فخر زمان نے کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ اگر وہ اوپننگ کرتے تو صورتحال کچھ مختلف ہو سکتی تھی۔ وہ امپائر کے پاس بھی گئے تھے تاکہ انہیں کچھ سپورٹ مل سکے اور وہ اوپننگ جاری رکھ سکیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ الحمداللہ، اب ایک ہفتے میں ان کی انجری میں کافی بہتری آئی ہے اور ڈاکٹرز نے انہیں تین ماہ بعد باقاعدہ ٹریننگ شروع کرنے کی ہدایت دی ہے، تاہم وہ ایک ماہ کے اندر کرکٹ میں واپس آ جائیں گے۔

بھارت کے خلاف میچ میں شکست کے بارے میں فخر زمان نے کہا کہ اس وقت وہ کوئی خاص تبصرہ نہیں کر سکتے، کیونکہ کرکٹ ایسا کھیل ہے جس میں کبھی توقعات پوری ہوتی ہیں اور کبھی نہیں۔ مزید گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ریڈ بال کرکٹ پر فوکس کیا تھا، لیکن کوچ نے ان پر زیادہ توجہ نہیں دی۔ اس کے باوجود، وہ اب بھی چاہتے ہیں کہ انہیں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا موقع ملے۔

Facebook Comments Box
انٹرنیشنل