مرغی کا گوشت عام آدمی کی پہنچ سے دور
اسلام آباد (صداۓ روس)
کراچی میں مرغی کا گوشت سستا نہیں ہوسکا،سرکاری ریٹ ہوا میں اُڑادیئے گئے، شہرقائد میں مرغی کا گوشت 650 روپے کے بجائے 780 روپے کلو میں فروخت ہونے لگا۔ رپورٹس کے مطابق سرکاری نرخ پر عملدرآمد کے دعوے ہوئے، جرمانے بھی کیے گئے لیکن سب بے اثر رہے، کراچی میں مرغی کا گوشت سستا نہ ہوسکا۔ سرکاری لسٹ کے مطابق مرغی کا گوشت 650 روپے کلو ہونا چاہیے لیکن 750 سے 780 روپے کلو میں فروخت جاری ہے۔ رواں ماہ کے دوران مرغی کے گوشت کی فی کلو قیمت میں ڈیڑھ سو روپے سے زائد کا اضافہ ہوچکا ہے۔
دوسری جانب پنجاب میں بھی برائلرمرغی کی قیمتوں کو پر لگ گئے، پنجاب سمیت ملک کے مختلف شہروں کی ہول سیل منڈیوں میں برائلر مرغی 19600 روپے من میں فروخت کی گئی۔ زندہ برائلر مرغی 590 روپے فی کلو میں فروخت ہورہی ہے جبکہ رمضان المبارک سے قبل مافیا نے 12 ہزار روپے فی من میں فروخت مرغی کو 19600 روپے تک پہنچا دیا۔ چینی مافیا کے بعد مرغی فارمز بڑا مافیا بن گیا، بی ایف اے برائلر فارم ایسوسی ایشن کی جانب سے عید پرمرغی مزید مہنگی کرنے کے پلان پر عملدرآمد شروع کردیا ہے ۔