ماسکو (اشتیاق ہمدانی)
ماسکو: یومِ پاکستان کے موقع پر پاکستانی سفارت خانہ میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر پاکستان کے سفیر محمد خالد جمالی نے سبز ہلالی پرچم بلند کیا، جس کے ساتھ ہی ماسکو کی فضائیں پاکستان کے قومی ترانے سے گونج اٹھیں۔
تقریب میں سفارت خانے کے عملے اور پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی۔ اس موقع پر صدر پاکستان آصف علی زرداری اور وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے، جن میں یومِ پاکستان کی اہمیت، قیامِ پاکستان کی تاریخی جدوجہد اور قومی یکجہتی پر زور دیا گیا۔ پاکستان کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے افواج پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
پاکستانی سفیر محمد خالد جمالی نے صدر پاکستان آصف علی ذرداری کا پیغام پڑھ کر سنایا۔اپنے پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ اس وقت ملک کو سیاسی، معاشی اور سکیورٹی کے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، بہادر مسلح افواج مادرِ وطن کے دفاع میں بڑی قربانیاں دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنی خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت کے دفاع کیلئے ثابت قدم رہیں گے، ہر پاکستانی اپنے اختلافات سے بالاتر ہو کر، تقسیم اور منفی رجحانات کو مسترد کرے۔
سفارت خانہ پاکستان میں سیکنڈ سیکرٹری جیٹھانند نے وزیراعظم شہباز شریف کا پیغام پڑھ کر سنایا، انھوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ایک برس میں ہم نے پاکستان کی معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کیا، افراط زر کی شرح میں مسلسل کمی، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے اور ریٹنگ ایجنسیاں اس تبدیلی کی معترف ہیں، درست پالیسیوں، نیک نیتی اور قومی اتحاد سے ہم معاشی خوشحالی حاصل کر سکتے ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا وطن کی حفاظت میں جانیں نچھاور کرنے والے شہداء کو بھی سلام ہے، یوم پاکستان پر اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں کویاد رکھنا چاہیے۔
تقریب میں حال ہی میں دہشت گردی کا نشانہ بن کر شہید ہونے والوں کے لئے اور پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے مظہر علی خان رندھاوا نے خصوصی دعا بھی کروائی۔ جب کہ سفارت خانہ میں تھرڈ سیکرٹری جوشوا ارتھار نضامت کے فرائض بخوبی انجام دیئے.
شرکاء نے پاکستان کے ساتھ اپنی محبت اور وفاداری کے عزم کا اظہار کیا-