ماسکو (صدائے روس)
روس کے معروف بزنس مین ڈاکٹر طارق چوہدری نے ماسکو میں پاکستان کے سفارت خانے، پاکستانی کمیونٹی، اور روسی مسلم کمیونٹی کے معزز نمائندوں کے اعزاز میں ایک پُرتکلف افطار ڈنر کا اہتمام کیا۔ اس پروقار تقریب میں روس میں تعینات پاکستان کے سفیر محمد خالد جمالی، پاکستانی برادری کے نمایاں اراکین، اور روس کے مسلمانوں کے مذہبی بورڈ کے ڈپٹی چیئرمین و ماسکو اسلامک انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ پروفیسر دمیر محیتدینوو نے خصوصی شرکت کی۔
افطار ڈنر میں پاکستانی ثقافت کی جھلک نمایاں رہی، جہاں روایتی اور رنگا رنگ پاکستانی کھانوں نے نہ صرف شرکاء کو محظوظ کیا بلکہ ان کی خوشبو نے ایک منفرد سماں باندھ دیا۔ جیسے ہی افطار کا وقت قریب آیا، فضاء میں ایک روحانی کیفیت محسوس کی گئی، جس میں پاکستان کی افطار کی روایات کا عکس نمایاں تھا۔ کھجوریں، پھل، پکوڑے، سموسے، اور مشروبات ڈنر میں مٹن پلاو ، چکن قورمہ اور پاکستانی کھیر نے نہ صرف پاکستانیوں کو اپنے وطن کی یاد دلائی بلکہ روسی مہمانوں کو بھی پاکستانی افطار کے رنگ میں رنگ دیا۔
اس موقع پر پاکستان کے سفیر محمد خالد جمالی نے ڈاکٹر طارق چوہدری کی شاندار میزبانی کو سراہا اور روس میں “فرینڈز آف پاکستان” کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کی ان کی کاوشوں کی تعریف کی۔ انہوں نے ڈاکٹر طارق چوہدری کا شکریہ ادا کیا اور پاک روس تعلقات کے فروغ کے لیے ان کے اقدامات کو قابل تحسین قرار دیا۔
پروفیسر دمیر محیتدینوو نے اس موقع پر روس کے مفتیٔ اعلیٰ شیخ رویل گین الدین کا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا اور پاکستان و روس کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں پاکستانی سفیر محمد خالد جمالی اور ڈاکٹر طارق چوہدری کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ روس میں مقیم مسلم کمیونٹی بھی دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
ڈاکٹر طارق چوہدری نے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان اور روس کے درمیان تجارتی تعاون کو فروغ دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
اس تقریب میں سفارت خانہ پاکستان کے قونصلر رانا محمد خالد ضیاء، ڈاکٹر شاہد حسن، ڈاکٹر بابر اسلام، ایرینا میکسمینکو، ملک شہباز، اشتیاق ہمدانی، ڈاکٹر عارف اسلام، عدنان بٹ، شاہد گھمن اور دیگر معزز شخصیات نے بھی شرکت کی۔