ماسکو (اشتیاق ہمدانی)
ماسکو میں عید کی خوشیاں بھرپور جوش و خروش سے منائی گئیں، جہاں پاکستانی سفارتخانہ میں ایک شاندار عید ملن پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں پاکستان کے سفیر محمد خالد جمالی سمیت بڑی تعداد میں پاکستانی کمیونٹی، خواتین، بچوں اور طلباء نے شرکت کی۔
اس پُر مسرت موقع پر سفیر پاکستان نے کمیونٹی کو عید کی مبارکباد دی اور روس کے معروف بزنس مین ڈاکٹر طارق چوہدری کا تقریب کے انعقاد میں معاونت پر شکریہ ادا کیا۔ طلباء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے زور دیا کہ جس ملک میں ہم رہتے ہیں، اس کے قوانین کا احترام کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر طلباء اپنے تعلیمی سفر کو کامیابی سے جاری رکھنا چاہتے ہیں اور طارق چوہدری جیسے کامیاب افراد بننا چاہتے ہیں تو انہیں مقامی قوانین کا احترام کرنا ہوگا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد خالد جمالی نے اس موقع پر فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے ان مسلمانوں کو یاد رکھنے پر زور دیا جو آزادی کی خواہش رکھتے ہیں اور مظالم کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ان بھائیوں کو اپنی دعاؤں میں شامل کرنا چاہیے اور ان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرنا چاہیے۔
تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے نوجوان گلوکاروں نے اپنی بہترین پرفارمنس پیش کی، جن میں عید کے خصوصی نغمے، ملی نغمے اور کلاسیکی موسیقی شامل تھی۔ جوشوہ میر آرتھر نے حمد پیش کی، جبکہ محبوب بھٹی نے ملی نغمہ گایا۔ اس کے علاوہ دانش صدیق، سید کمیل عباس، دانیال محبوب بھٹی اور ڈاکٹر ذوالفقار گاگی نے بھی اپنی خوبصورت آوازوں سے محفل کو یادگار بنا دیا۔
بچوں نے پاکستانی پرچم کی جھنڈیاں لہراتے ہوئے ملی نغمے گائے، اور خوشی کے اس موقع پر سفیر پاکستان محمد خالد جمالی نے ڈاکٹر طارق چوہدری کے ہمراہ کیک کاٹا۔ تقریب میں مہمانوں کی تواضع کے لیے پاکستانی پکوان اور روایتی کھانے پیش کیے گئے، جن کی خوشبو اور لذت نے محفل کو مزید یادگار بنا دیا۔ تقریب میں شریک تمام افراد نے اس خوبصورت پروگرام کے انعقاد پر پاکستانی سفارت خانے اور ڈاکٹر طارق چوہدری کا شکریہ ادا کیا۔