ہومتازہ ترینروسی لیجنڈ اوویچکن کا تاریخی کارنامہ، نیشنل ہاکی لیگ میں سب سے...

روسی لیجنڈ اوویچکن کا تاریخی کارنامہ، نیشنل ہاکی لیگ میں سب سے زیادہ گول کا نیا ریکارڈ قائم کردیا

روسی لیجنڈ اوویچکن کا تاریخی کارنامہ، نیشنل ہاکی لیگ میں سب سے زیادہ گول کا نیا ریکارڈ قائم کردیا

ماسکو (صداۓ روس)
روس کے عظیم ہاکی کھلاڑی الیگزینڈر اوویچکن نے نیشنل ہاکی لیگ کی تاریخ کا سب سے بڑا انفرادی ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ اتوار کے روز نیویارک آئی لینڈرز کے خلاف میچ میں انہوں نے اپنے کیریئر کا 895واں گول اسکور کیا، یوں کینیڈا کے لیجنڈ وین گریٹزکی کا ناقابلِ تسخیر سمجھا جانے والا ریکارڈ پچھاڑ دیا۔ واشنگٹن کیپیٹلز کے 39 سالہ فارورڈ اوویچکن نے یہ تاریخی گول دوسرے پیریڈ میں اپنے ہم وطن گول کیپر ایلیا سوروکِن کے خلاف اسکور کیا، جو کہ پہلا موقع تھا کہ انہوں نے سوروکِن کے خلاف کوئی گول کیا ہو۔ گول کے بعد کھیل کو کچھ دیر کے لیے روکا گیا تاکہ اوویچکن کو ان کے تاریخی کارنامے پر خراج تحسین پیش کیا جا سکے۔

تقریب کے دوران اوویچکن نے اپنے ساتھی کھلاڑیوں، کوچز اور مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہاکی ایک “ٹیم اسپورٹ” ہے۔ انہوں نے جذباتی انداز میں کہا: “آپ سب کا بے حد شکریہ، میں آپ سب سے بہت محبت کرتا ہوں۔ اگر آپ کا ساتھ نہ ہوتا تو میں آج یہاں نہ کھڑا ہوتا۔” انہوں نے ہنستے ہوئے سوروکِن کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے انہیں گول کرنے دیا۔ اوویچکن تین بار روسی قومی ٹیم کے ساتھ عالمی چیمپئن رہ چکے ہیں اور 2018 میں واشنگٹن کیپیٹلز کے ساتھ اسٹینلی کپ جیت چکے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جہاں گریٹزکی نے 894 گول 1,487 میچز میں اسکور کیے، وہیں اوویچکن نے 1,486 ویں میچ میں انہیں برابر کیا اور اگلے ہی میچ میں یہ ریکارڈ توڑ دیا۔

ہاکی کی دنیا میں یہ ایک تاریخی لمحہ تصور کیا جا رہا ہے جس نے اوویچکن کو نہ صرف روس بلکہ عالمی سطح پر بھی ایک ناقابلِ فراموش کھلاڑی کے طور پر منوا دیا ہے۔

Facebook Comments Box
انٹرنیشنل