انٹرنیشنل ڈیسک: (صدائے روس)
بالی ووڈ کے دو بڑے سُپر اسٹارز، اکشے کمار اور سلمان خان، ایک دوسرے کی حمایت میں ہمیشہ پیش پیش رہتے ہیں، اور حالیہ دنوں میں اکشے کمار کا سلمان خان کی فلم سکندر کے بارے میں تبصرہ مداحوں کے دل جیت گیا۔
اکشے کمار دہلی میں اپنی نئی فلم Kesari: Chapter 2 کی ایک خصوصی اسکریننگ کے دوران میڈیا نمائندگان سے بات کر رہے تھے۔ اس موقع پر جب اُن سے بڑے بجٹ کی فلموں کے فلاپ ہونے سے متعلق سوال کیا گیا، تو اُنہوں نے دو ٹوک اور جذباتی انداز میں کہا:
“دیکھیے یہ غلط بات ہے، ایسا ہو نہیں سکتا۔ ٹائیگر زندہ ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ سلمان ایسی نسل کا ٹائیگر ہے جو زندگی میں کبھی مر نہیں سکتا!”
اکشے کمار کے اس بیان نے نہ صرف میڈیا کی توجہ حاصل کی بلکہ سلمان خان کے لاکھوں مداحوں کے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑا دی، جو حالیہ فلم سکندر کے کمزور باکس آفس ردعمل سے کافی افسردہ تھے۔
واضح رہے کہ سکندر کو باکس آفس پر بڑی کامیابی کی توقع تھی۔ فلم کی پروموشن بڑے پیمانے پر کی گئی، اور سلمان خان نے بھی متعدد انٹرویوز اور شوز میں شرکت کی۔ تاہم، ریلیز کے بعد فلم کا رسپانس توقعات سے کم رہا، اور تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
ایسے وقت میں اکشے کمار کا یہ مثبت اور حوصلہ افزا بیان نہ صرف سلمان خان کے لیے خراجِ تحسین ہے بلکہ بالی ووڈ میں ایک دوسرے کی عزت و احترام کی روشن مثال بھی ہے۔
مداحوں نے سوشل میڈیا پر اکشے کمار کے اس بیان کو زبردست پذیرائی دی ہے، اور #TigerZindaHai ایک بار پھر ٹرینڈ کرنے لگا ہے۔