کراچی: (صدائے روس)
معروف اداکارہ دانیہ انور نے اپنی ذاتی زندگی کے اہم پہلو سے پردہ اٹھاتے ہوئے بتایا ہے کہ طلاق کے بعد ان کے والدین خصوصاً والدہ کی غیر مشروط حمایت نے انہیں زندگی میں آگے بڑھنے کا حوصلہ دیا۔
اداکارہ ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان گفتگو کر رہی تھیں جہاں انہوں نے کہا کہ ان کی پہلی شادی ان کی اپنی پسند سے ہوئی تھی، مگر حالات کے پیشِ نظر طلاق کا فیصلہ کرنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ جب انہوں نے طلاق لینے کا فیصلہ کیا، تو ان کے والدین نے نہ صرف مکمل اعتماد کا مظاہرہ کیا بلکہ ان سے کسی قسم کا سوال تک نہ کیا۔ ساتھ ہی دوسری شادی کرنے کے لیے بھی کوئی دباؤ نہیں ڈالا گیا۔
دانیہ انور نے اپنی گفتگو میں بتایا کہ ان کی والدہ نے ہر قدم پر ان کا ساتھ دیا، انہیں مسلسل حوصلہ دیا کہ وہ زندگی میں جس سمت جانا چاہتی ہیں، بے خوف ہو کر جائیں، اور اپنی زندگی کو سکون سے گزاریں۔
اداکارہ کے مطابق، “میری والدہ نے کہا کہ تمہیں جو بھی کرنا ہے، اپنی مرضی اور آرام سے کرو، ہم تمہارے ساتھ ہیں۔”
دانیہ انور نے مزید کہا کہ ان کی بیٹی ان کی سب سے بڑی طاقت ہے اور انہوں نے ماں بن کر جینے کا جو تجربہ حاصل کیا، وہ ان کے لیے حوصلہ اور تسلی کا ذریعہ بنا۔