اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

پاک بھارت کشیدگی: روس نے اپنے شہریوں کو پاکستان کے سفر سے روک دیا

Russian Foreign Ministry

پاک بھارت کشیدگی: روس نے اپنے شہریوں کو پاکستان کے سفر سے روک دیا

ماسکو (صداۓ روس)
پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات میں حالیہ کشیدگی اور دونوں جانب سے سامنے آنے والے جنگی بیانات کے تناظر میں روس نے اپنے شہریوں کو پاکستان کے سفر سے عارضی طور پر گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ جنوبی ایشیا میں بڑھتی ہوئی پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر روس نے اپنے شہریوں کو پاکستان کا سفر نہ کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ روسی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حالیہ جغرافیائی و سیاسی تناؤ، فضائی پابندیوں، اور ممکنہ عسکری خطرات کے پیش نظر روسی شہریوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ وقتی طور پر پاکستان کا سفر نہ کریں۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ماسکو اپنے شہریوں کی سلامتی اور تحفظ کو اولین ترجیح دیتا ہے، اور صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات شدید کشیدہ ہو چکے ہیں۔ پاکستان نے حال ہی میں بھارت کے لیے فضائی حدود بند کر دی ہے، جبکہ دونوں ممالک کی جانب سے سخت بیانات کا تبادلہ بھی جاری ہے۔ روسی میڈیا رپورٹس کے مطابق ماسکو نے پاکستان میں موجود اپنے سفارتی عملے اور شہریوں کو بھی محتاط رہنے اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

بین الاقوامی مبصرین کا کہنا ہے کہ روس کی یہ سفری ہدایت نہ صرف خطے میں جاری تناؤ کی سنگینی کو ظاہر کرتی ہے بلکہ عالمی برادری کے لیے بھی ایک سنجیدہ انتباہ ہے کہ فوری سفارتی اقدامات کیے جائیں تاکہ امن و استحکام کو برقرار رکھا جا سکے۔

Share it :