صدر پوتن نے غیرملکیوں کے لیے روس میں قیام کی مہلت میں توسیع کردی
ماسکو (صداۓ روس)
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے ان غیر ملکی شہریوں اور بے ریاست افراد کے لیے روس میں قیام کو قانونی شکل دینے یا ملک چھوڑنے کی مہلت میں 10 ستمبر تک توسیع کر دی ہے جنہوں نے امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔ اس فیصلے کا اعلان پیر کے روز جاری کردہ صدارتی فرمان میں کیا گیا۔پہلے اس مہلت کی آخری تاریخ 30 اپریل مقرر کی گئی تھی، تاہم اب اس میں توسیع کرتے ہوئے نئی ڈیڈ لائن 10 ستمبر مقرر کر دی گئی ہے۔ یہ اقدام اُن غیر ملکیوں پر لاگو ہوتا ہے جنہیں روس میں قیام کا قانونی جواز حاصل نہیں رہا اور جنہیں سرکاری طور پر ڈیٹا بیس میں شامل کیا جا چکا ہے۔
صدارتی حکم نامے کے مطابق، متعلقہ افراد کو اس نئی مہلت کے دوران یا تو اپنی قانونی حیثیت بحال کرنی ہوگی یا روس چھوڑنا ہوگا، بصورتِ دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ یہ فیصلہ روس میں مقیم غیر ملکیوں کو ایک اور موقع فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے تاکہ وہ موجودہ قوانین کے مطابق اپنی رہائش کی حیثیت درست کر سکیں۔