اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

پانچ سال میں روبوٹس انسان سرجنوں سے بہتر ہو جائیں گے، ایلون مسک

Robots surgeon

پانچ سال میں روبوٹس انسان سرجنوں سے بہتر ہو جائیں گے، ایلون مسک

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
ٹیکنالوجی کے ارب پتی تاجر ایلون مسک نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ چند سالوں میں روبوٹس انسانی سرجنوں کی جگہ لے لیں گے اور وہ ایسے آپریشنز بھی انجام دے سکیں گے جو عام انسانوں کے لیے ناممکن سمجھے جاتے ہیں۔ہفتے کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر ایک پوسٹ میں مسک نے کہا کہ “چند ہی سالوں میں روبوٹس اچھے انسانی سرجنوں سے بہتر ہو جائیں گے اور تقریباً پانچ سال کے اندر بہترین ڈاکٹروں کو بھی پیچھے چھوڑ دیں گے۔”انہوں نے مزید وضاحت کی کہ ان کی بایوٹیک کمپنی “نیورالنک” پہلے ہی روبوٹک سرجنز پر انحصار کر رہی ہے تاکہ دماغ میں کمپیوٹر الیکٹروڈز کی تنصیب کی جا سکے، کیونکہ یہ کام اتنی رفتار اور درستگی سے انجام دینا کسی انسان کے لیے ممکن نہیں۔مسک کا یہ بیان اُس وقت سامنے آیا جب ایک معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر ماریو نوفال نے ایک رپورٹ شیئر کی جس میں ‘میڈرونک ہوگو’ نامی روبوٹ سرجن کی کامیابی کا ذکر تھا۔ بتایا گیا کہ اس روبوٹ نے اب تک 137 کامیاب آپریشن کیے ہیں جن میں پروسٹیٹ، گردے اور مثانے کی سرجری شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ان سرجریز میں پیچیدگی کی شرح 3.7 فیصد (پروسٹیٹ)، 1.9 فیصد (گردہ) اور 17.9 فیصد (مثانہ) رہی، جبکہ مجموعی کامیابی کی شرح 98.5 فیصد ریکارڈ کی گئی — جو ہدف شدہ 85 فیصد شرح سے کہیں زیادہ ہے۔ 137 میں سے صرف دو کیسز میں روبوٹ سے انسانی ڈاکٹروں کو آپریشن سنبھالنا پڑا۔اس سے قبل ایلون مسک نے یہ بھی کہا تھا کہ نیورالنک جیسے برین کمپیوٹر انٹرفیس مستقبل میں موبائل فونز جیسی ٹیکنالوجیز کی جگہ لے سکتے ہیں۔نیورالنک پہلے ہی تین مریضوں کے دماغ میں سکے کے سائز کا چپ کامیابی سے نصب کر چکا ہے، جنہوں نے اپنے خیالات کے ذریعے کمپیوٹر کرسر کنٹرول کیا اور شطرنج جیسے ویڈیو گیمز کھیلے۔ ان میں سے ایک مریض، جو بولنے سے قاصر تھا، اپنی سوچ کے ذریعے ایک اے آئی وائس کلون سے گفتگو بھی کر سکا۔ایلون مسک نے اعلان کیا ہے کہ 2025 میں نیورالنک مزید 20 سے 30 مریضوں پر کلینیکل ٹرائلز کا منصوبہ بنا رہا ہے.

Share it :